Inquilab Logo

جنتا کرفیو کو ایک سال مکمل مگر کورونا سے اب بھی چھٹکارہ نہیں ملا

Updated: March 22, 2021, 9:49 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

گزشتہ برس کورونا کی تشخیص اور علاج کیلئے چند ہی بیڈتھے لیکن اب بڑھ کر ۴۷؍  ہزار ۴۶۶؍ ہوگئے ہیں اور کورونا سے تحفظ کےلئے ٹیکہ کاری بھی تیزی سے جاری ہے

Coronavirus - pic : INN
کورونا وائرس ۔ تصویر : آئی این این

کوروناکی وباء کے سبب آج سے ایک سال قبل یعنی ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۰ء کو جنتا کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ اس ایک سال کی مدت میں دن گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں ایک جانب کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا وہیں ممبئی اور ریاستی حکومت نے مختلف تجربات سے کافی  سبق حاصل کیا اور ان ہی تجربات کی روشنی میں مرحلہ وار کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی تیار کی۔ اسی حکمت عملی کے سبب آج ممبئی میں تقریباً ۴۷؍  ہزار ۴۶۶؍ بیڈ کورونا کے مریضوں کیلئے دستیاب ہیں جو کہ گزشتہ برس یہ انتہائی کم تھے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اب ممبئی میں کورونا کے ٹیکہ کاری کی مہم دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ہیلتھ کیئر ورکرز( ایچ سی ڈبلیو ) اور فرنٹ لائن ورکرز (ایف ایل ڈبلیو) کے ساتھ  ساتھ  ۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کے شہری اور  ۴۵؍ تا ۵۹؍ سال کےبیمار شہریوں کو بھی کوروناکی ویکسین دینے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔حالانکہ اب بھی کورونا سے چھٹکارہ نہیں ملا ہے۔
 واضح رہے کہ کورونا کی وباء پھیلنے کے سبب وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۰ء کو صبح ۷؍ تا رات ۹؍ بجے ’جتناکرفیو‘ نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس دوران سبھی شہریوں کو گھروں  سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے جنتا کرفیو نافذ کرنے کی اطلاع ٹی وی پر عوام سے خطاب میں دی تھی۔
 اس اعتبار سے گزشتہ برس  اور اس سال کورونا کے مریضوں کے تعداد کا اعادہ کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۰ء  تک ممبئی میں ۳؍ ہزار ۶۸۲؍ مریضوں کی جانچ کی گئی تھی جن میں سے ۲۱؍ مریضوں کو متاثر پایا گیا تھا۔ ان میں سے ۲۰؍ مارچ کو  ۳؍ مریض متاثر پائے  گئے    تھے۔ ۲۳؍  جنوری  سے ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۰ ء تک ممبئی میں محض ایک مریض کی کورونا سے موت واقع ہونے کی تصدیق  بی ایم سی کے محکمہ صحت نے کی تھی۔
 ۲۰؍ مارچ ۲۰۲۰ ء کا امسال یعنی ۲۰؍ مارچ  ۲۰۲۱ء سے موازنہ کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ  اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ۳؍ لاکھ ۵۸؍ ہزار ۸۷۹؍ پہنچ گئی ہے اور ۳؍ لاکھ ۲۵؍ ہزار ۶۱؍ مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے رخصت بھی کر دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ اب بھی ۲۱؍ ہزار ۳۳۵؍ ایکٹیو مریض پائے گئے ہیں جبکہ اب تک ۱۱؍ ہزار ۵۷۲؍  مریضوں کی موت واقع  ہو چکی ہے۔
 میونسپل محکمہ صحت کا دعویٰ ہے کہ ممبئی میں کورونا کے مریضوں کی صحتیاب ہونے کی شرح (ریکوری ریٹ) ۹۱؍ فیصد ہے جبکہ مریضوں کے بڑھنے کی شرح( ۱۳؍ مارچ تا ۱۹؍ مارچ۲۰۲۱ء) ۰ء۶۱؍ فیصد ہے۔ مریضوں کے دوگنا ہونے کی میعاد ۱۱۴؍ دن ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK