Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: نوکری دلانے کا جھانسہ، ایجنٹ فرار

Updated: June 01, 2025, 10:14 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

بیرون ملک ملازمت دلانے کے نام پر کروڑوں روپے اینٹھ لئے، شکایت درج۔

Accused Asif Syed. Photo: INN.
ملزم آصف سید۔ تصویر: آئی این این۔

غریب اور ضرورت مند افراد کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شاطر ایجنٹ فرار ہوگیا ہے۔ تقریباً ۱۰۰؍ سے زائد افراد کو مختلف ممالک میں نوکری دلانے کے عوض کروڑوں روپے بٹور کر فرار ہونے والے ملزم کے خلاف بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر داخل کی گئی ہے۔ اس معاملے میں بازار پیٹھ پولیس کی۲؍ ٹیمیں ملزم کی تلاش کررہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق گرودیو ہوٹل کے مقابل لکشمی بلڈنگ کے دوسرے منزلہ پر اسکائی سیکرز نام کی ٹراویل ایجنسی کا دفتر ہے۔ اس کے مالک آصف سید نے سعودی عرب، بحرین، قطر، آذربائیجان، جنوبی افریقہ جیسے ممالک میں ملازمت دلانے کے نام پر ۱۰۰؍ سے زائد غریب اور ضرورت مند افراد سے کروڑوں روپے وصول کئے اور آفس بند کرکے فرار ہوگیا ہے۔ 
گزشتہ روز لکشمی بلڈنگ کے پاس سیکڑوں لوگ اکٹھا تھے تب وہاں سے گزر رہے ایم آئی ایم کے مقامی صدر اشفاق فضل کریم شیخ نے پریشان حال افراد سے استفسار کیا تو پتہ چلا کہ آصف سید نام کا شخص سیکڑوں لوگوں کا پیسہ لے کر بھاگ گیا ہے۔ اشفاق شیخ سبھی لوگوں کو لے کر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس سنجے جادھو کے پاس لے گئے۔ معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر سنجے جادھو نے بازار پیٹھ پولیس کو فوری طور پر ایف آئی آر داخل کرنے کی ہدایت دی۔  عیاں رہے کہ آصف سید نے بہار، اتر پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹر اور کیرالا جیسی ریاستوں کے سیکڑوں افراد کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر ان سے موٹی رقم وصول کی ہے۔ 
اس بارے میں بہار کے چھپرا ضلع کے رہنے والے محمد معین الدین نے انقلاب کو بتایا کہ آصف سید نے انہیں آذربائیجان میں سیکوریٹی گارڈ کی نوکری دلوانے کا یقین دلایا تھا۔ پیشگی کے طور پر انہوں نے ۶۰؍ہزارروپے بھر دیئے تھے۔ ملزم نےٹکٹ اور ویزا لینے کیلئے کلیان کی آفس بلایا مگر جب یہاں پہنچا تو تالا لگا ہوا تھا۔ تلنگانہ کے رامچندر ریڈی نے کہا کہ ملزم نے اردن میں ہیوی ڈرائیور کی نوکری کا جھانسہ دیا۔ پہلے ۷۵؍ ہزار روپے اور پاسپورٹ بھی لیا پھر کہا کہ ۲۹ مئی کو آکر اپنا پاسپورٹ، ویزا اور ٹکٹ لے کر جانا۔ مگر یہاں آنے پر پتہ چلا کہ ہمارے ساتھ فریب دہی ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزم نے ویزا، میڈیکل، پلیسمنٹ اور پروسیسنگ چارجز کے نام پر غریب طبقے کے افراد سے کروڑوں روپے وصول کئے اور فرار ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK