• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: ووٹ چوری کیخلاف اپوزیشن کا مشترکہ احتجاجی مارچ

Updated: October 17, 2026, 11:03 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

ووٹوں کی مبینہ چوری اور انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

A large number of party workers and citizens participated in the protest march. Photo: INN
احتجاجی مارچ میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ تصویر: آئی این این

ووٹوں کی مبینہ چوری اور انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو کلیان میں اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے جن آکروش مارچ نکال کر چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ اور مبینہ سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔کلیان مغرب کے سائی چوک سے شروع ہونے والا احتجاجی مارچ کھڑک پاڑہ کے راستے سب ڈویژنل افسر کے دفترپہنچا۔ مارچ میں شریک مظاہرین نے الیکشن کمیشن اور مرکز کی مودی حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انتخابی عمل پر سوالات اٹھائے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ووٹروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور انتخابات کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اس مارچ میں کانگریس، راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد)، شیوسینا (ادھو)، مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی کے۹۷؍ میونسپل اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ریاستی حکومت فنڈ دے گی

مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جائیں،ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو اور مبینہ سازش میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کی کارروائی منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل میں عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کیلئے آئندہ انتخابات ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔

احتجاج کے دوران انتخابی شفافیت اور حقِ رائے دہی کے تحفظ کا معاملہ نمایاں طور پر اٹھایا گیا۔جن آکروش مارچ میں صرف انتخابی مسائل ہی نہیں بلکہ عوامی مفاد کے دیگر معاملات بھی اٹھائے گئے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تھانے ضلع کے دیہی علاقوں کے تمام تعلقوں کو فوری طور پر قحط زدہ قرار دیا جائے۔اس کے علاوہ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) کے امتحانی پرچے کے مبینہ افشا ہونے کے معاملے پر کمیشن کے صدر سے استعفیٰ لینے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔منتظمین کے مطابق یہ مارچ ووٹروں کے حقوق کے تحفظ، انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے اور عوامی مسائل کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرانے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔مختلف مطالبات کے ساتھ سڑکوں پر اترنے والے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان نے اس احتجاج کے ذریعے حکومت اور انتخابی نظام کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK