اپنے دورہ میں وزیر تعلیم دادا بھسے کا اعلان،چھٹی جماعت سے ہنر پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے پرغور، دگڑی اسکول کی ترقی کیلئے بھی خصوصی فنڈ ملے گا۔
EPAPER
Updated: October 17, 2026, 10:58 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
اپنے دورہ میں وزیر تعلیم دادا بھسے کا اعلان،چھٹی جماعت سے ہنر پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے پرغور، دگڑی اسکول کی ترقی کیلئے بھی خصوصی فنڈ ملے گا۔
وزیر تعلیم دادا بھسے نے ’چلو اسکول چلیں‘ مہم کے تحت گزشتہ روز بھیونڈی کے مختلف میونسپل اسکولوں کا دورہ کرکے تعلیمی سہولتوں اور مسائل کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ۹۷؍ میونسپل اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے ضروری فنڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شہری انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اسکولوں کی ترقی کا منصوبہ جلد از جلد تیار کرکے محکمۂ تعلیم کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول اور جدید سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔
وزیر تعلیم دادا بھسے نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق صرف کتابی علم کافی نہیں بلکہ طلبہ کو ہنر پر مبنی تعلیم دینا بھی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت حکومت چھٹی جماعت اور اس سے اوپر کے طلبہ کیلئے معیاری اور ہنر پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے پر غور کر رہی ہے۔
دادا بھسے نے میونسپل اسکول نمبر۲۲/۶۲؍کا دورہ کرتے ہوئے اس کی جدید سہولتوں کی تعریف کی۔ سابق رکن اسمبلی رئیس شیخ کی کوششوں سے تیار کئے گئے اس اسکول پر۹؍ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کئے گئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اس طرح کے جدید اور سہولتوں سے آراستہ اسکول ریاست کے دیگر علاقوں میں بھی تیار کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھیونڈی کے اس اسکول کے ماڈل کو مالیگاؤں میں بھی اپنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن کے فرمان اورغفلت سے بی ایل او عاجز
اس دورے سے قبل اس اسکول میں پانی کی قلت کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ شہری انتظامیہ نے وزیر تعلیم کی آمد سے پہلے دو ٹینکروں کے ذریعے پانی کا انتظام کیا۔ اس معاملے نے اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی مستقل فراہمی کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ وزیر تعلیم بھسے نے میونسپل اسکول نمبر ایک جو دگڑی اسکول کے نام سے مشہور ہے، کا بھی دورہ کیا۔ اس اسکول میں سابق وزیر اعلیٰ بالاصاحب ٹھاکرے نے تعلیم حاصل کی تھی۔ دادا بھسے نے اسکول کی ترقی کیلئے الگ منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے خصوصی فنڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسکول میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم دادا بھسے نے والدین سے اپیل کی کہ وہ موبائل فون کے استعمال کو کم کریں اور بچوں کی پڑھائی پر خصوصی توجہ دیں۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرکے انہوں نے ملک کو نئی سمت دی۔ آج کے طلبہ ملک کا مستقبل ہیں اس لئے انہیں بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔
اس موقع پر میئر نارائن چودھری، میونسپل کمشنر انمول ساگر، میونسپل افسران، اساتذہ اور طلبہ موجود تھے۔