• Sat, 17 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائن بریج جلدنہ کھولنے پر۲۰؍ اکتوبر کو افتتاح کا انتباہ

Updated: October 17, 2026, 10:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

شہریوں کی پریشانی کے پیش نظر دھاراوی بچاؤ آندولن نے کہا کہ وہ خودہی بریج کھول دیں گے۔ بی ایم سی کی جانب سے اب تک حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

Citizens are eagerly awaiting the opening of the reconstructed old Sain Bridge. Photo: PTI
قدیم سائن بریج جسے ازسرنوتعمیر کیا گیا ہے، شہریوں کو اس کے کھلنے کا شدت سے انتظار ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

’’سائن  ریلوے بریج جلد نہ کھولنے پر ہم سب ۲۰؍ اکتوبر کوخود ہی اس کا افتتاح کردیں گے۔‘‘شہریوں کی پریشانی اور ۲؍سال گزر جانے کے باوجود بار بار تاریخ دے کر ٹالنے پر دھاراوی بچاؤ آندولن نے انتباہ دیاہے اوراس کے لئے باقاعدہ پیغام رسانی بھی کی ہے۔ اس بریج کے مکمل کئے گئے حصے کا لوڈ ٹیسٹ کیا گیا  ہے مگر اب تک بی ایم سی کی جانب سے حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے کہ کس دن اورکس تاریخ سے شہری اس کا استعمال کرسکیں گے۔ 

  بریج شروع کئے جانے کے تعلق سے آواز بلند کرنے والوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ بریج کا کام تقریباًمکمل ہوچکا ہے اور ایک حصہ بآسانی کھولا جاسکتا ہے مگر جس طرح ہر معاملے میںسیاست کی جاتی ہے وہی یہاں بھی کار فرما ہے۔ حکمراں محاذ کی جانب سے یہ دیکھا جارہا ہے کہ اس بریج کے افتتاح کی آڑ میں کس طرح زیادہ سے زیادہ تشہیر اور سیاسی فائد ہ حاصل کیا جائے۔ عوام کی پریشانی سے حکومت کوکوئی دلچسپی نہیں ہے۔ 

  دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران سابق رکن اسمبلی بابوراؤ مانے، کامریڈ نصیرالحق ،پال رافیل ، اُلیش گاجا کوش اور بھالے راؤ   نےنمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ پہلے یہ بتایا گیا تھا کہ ایک سال میں کام پورا ہوجائے گا اورشہریوں کی آمدورفت شروع کردی جائے گی ۔ پھر ریلوے کی جانب سے کہا گیا کہ ہم نےکام پورا کردیا ہے اور ۱۵؍ اگست سے بریج شروع کردیا جائے گا۔ اس کےبعد بی ایم سی کی جانب سے کہا گیا کہ کام تقریباًپورا ہوگیا ہے،مزیدانتظار نہیں کرنا ہوگا، ۱۵؍ اکتوبر سے اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا مگر یہ تاریخیں محض وعدہ اورٹال مٹو ل کا انداز ثابت ہوئیں۔ اس لئے اب مزید انتظار نہ کرتے ہوئے دھاراوی بچاؤ آندولن میں شامل تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنان کو پیغام بھیجا گیا ہےکہ وہ ۲۰؍ اکتوبر کی شام ساڑھے ۵؍ بجے جمع ہوں،   ہم سب خود ہی افتتاح کردیں گے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان، شندے گروپ کا انوکھا احتجاج

شہریوں کی پریشانی

  بریج نہ کھولے جانے کے سبب دھاراوی سائن (مشرق)کے مکینوں، طلباء، مریضوں، مسافروں اور دکانداروں کو متبادل راستہ استعمال کرناپڑتا ہے۔اس سے ان کوشدید پریشانی کے ساتھ ان کا وقت بھی ضائع ہوتا ہے ۔

 ایڈیشنل میونسپل کمشنرنے کیا کہا تھا ؟

ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹس) ابھیجیت بانگرنے چند دن قبل تاریخ کا تعین کئے بغیر کہا تھا کہ سائن روڈ اوور بریج جلد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ البتہ شہری انتظامیہ کی جانب سے یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ اکتوبر کے دوسرےہفتے میں کھولے جانے کا امکان ہے۔  اس بریج کا ایک اہم مرحلہ لوڈ ٹیسٹ بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔ 

’’ کسی ’مہورت‘ کا انتظار نہ کریں‘‘
  اس تعلق سے سابق ریاستی وزیر اور شیو سینا (یوبی ٹی) کے رکن ا سمبلی  آدتیہ ٹھاکرےنے ’ایکس ‘پر   وزیر اعلیٰ  دیویندر فرنویس سے گزارش  کی ہے کہ اس پل کو کھولنے کیلئے کسی ’مہورت یا وی آئی پی شخصیات کی دستیابی کا انتظار نہ کریں۔انہوںنے مزید کہا ہے کہ ’’یہ ایک انتہائی اہم پل ہے اور عوام کو اس  کے شروع ہونے کا طویل عرصے سے انتظار کیا ہے۔براہِ کرم اسے جلد ہی عوام کیلئے کھول دیں۔ اگر وی آئی پی شخصیات کے پاس وقت نہیں ہے تو کوئی بات نہیں  ۔دنیا میں کہیں بھی عام شہریوں کو ’وی آئی پی کلچر‘ کی خاطر انتظار نہیں کروایا جاتا۔‘‘
رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے نے اپنی ایکس پوسٹ کے ساتھ سینئر صحافی کی وہ تصویر بھی منسلک کی ہے جس میں سائن بریج کا کام مکمل نظرآرہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK