• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان:۱۵ ؍ڈبوں کی لوکل ٹرین کا انتظار طویل، مسافروں میں ناراضگی

Updated: November 17, 2026, 1:06 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

ریلوے انتظامیہ کی جانب سے محض تاریخیں دی جا رہی ہیں، ۱۵؍ ڈبوں کی لوکل ٹرین کا وعدہ اب تک وفا نہ ہو سکا۔

Local Train.Photo:INN
لوکل ٹرین۔ تصویر:آئی این این
سی ایس ایم ٹی سے کسارا ریلوے روٹ پر ۱۵؍ ڈبوں والی لوکل ٹرینیں چلانے کے حوالے سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مختلف سطحوں پر ریلوے انتظامیہ کی جانب سے بات چیت جاری ہے۔ ڈیڑھ ماہ گزر جانے کے باوجود سی ایس ایم ٹی سے کسارا ریلوے روٹ پر ۱۵؍ ڈبوں والی لوکل نہ چلنے اور ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ان ٹرینوں کے شروع ہونے کی صرف تاریخیں دئیے جانے پر کلیان۔کسارا۔ کرجت ریلوے مسافر تنظیم نے ریلوے مسافروں کی جانب سے ریلوے انتظامیہ سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
 
 
تفصیلات کے مطابق سینٹرل ریلوے انتظامیہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مختلف سطحوں پر یہ دعوے کر رہی تھی کہ کلیان۔ کسارا روٹ کے تمام اسٹیشنوں کی توسیع کا کام مکمل ہونے کے بعد ستمبر کے آخر تک ۱۵ ؍ڈبوں والی لوکل ٹرینیں پٹری پر دوڑنے لگیں گی۔اس خبر سے مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی۔ تاہم ستمبر گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ اس کے بعد ریلوے حکام نے ۱۵؍ نومبر کی نئی تاریخ مقرر کی لیکن اب وہ مہورت بھی گزر چکا ہے اور مسافر آج بھی ۱۲ ؍ڈبوں والی پرانی ٹرینوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ریلوے انتظامیہ کے اس طرز عمل پر کلیان کسارا۔ کرجت ریلوے مسافر تنظیم کے صدر راجیش گھنگھاؤ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سینٹرل ریلوے کی کارکردگی کا موازنہ مغربی ریلوے سے کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مغربی ریلوے پر جب ایک بار مسافروں سے کوئی وعدہ کیا جاتا ہے تو انتظامیہ اس پر فوری عمل درآمد یقینی بناتی ہے پھر آخر سینٹرل ریلوے پر اس قدر ٹال مٹول اور لاپروائی کیوں برتی جا رہی ہے؟ 
 
 
انہوں نے کہا کہ ریلوےانتظامیہ ۱۵ ؍ڈبوں والی لوکل شروع کرنے کی حتمی تاریخ کا جلد اعلان کرے اور اگر اس بار بھی تاریخ آگے بڑھائی گئی تو اس کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔جب تک ۱۵ ؍ڈبوں والی لوکل شروع نہیں ہو جاتیں تب تک صبح اور شام کے مصروف اوقات میں کسارا اور کرجت کیلئے اضافی لوکل ٹرینیں چلائی جائیں۔راجیش گھنگھاؤ نے مزید کہا کہ سینٹرل ریلوے مسافروں کو صرف تاریخ پہ تاریخ دے رہی ہے۔ صبح و شام ۱۲؍  ڈبوں والی ٹرینوں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی جس کے باعث خواتین، بزرگ شہری اور طلبہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر سفر کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور بلاتاخیر ۱۵ ؍ ڈبوں والی لوکل ٹرین کا آغاز کرے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK