۳؍مقامات پر آؤٹ ڈور ایئر پیوریفکیشن سسٹم نصب، یہ ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو ختم کرےگا۔
کلیان کے چوراہے پر نصب ایئر پیوریفکیشن سسٹم -تصویر:آئی این این
بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے سدِباب اور شہریوں کو صحت بخش ماحول کی فراہمی کیلئے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) نے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ مرکزی حکومت کے’نیشنل کلین ایئر پروگرام‘ کے تحت شہر کے ۳؍ اہم اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جدید ترین ’آؤٹ ڈور ایئر پیوریفیکیشن سسٹم‘ نصب کر کے انہیں باقاعدہ فعال کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ہوا میں موجود زہریلے ذرات کو ختم کر کے فضائی معیار (اے کیو آئی) کو بہتر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدید ترین آؤٹ ڈور ایئر پیوریفیکیشن سسٹم ابتدائی طور پر کلیان کے ان علاقوں میں لگائے گئے ہیں جہاں ٹریفک کا دباؤ اور گرد و غبار زیادہ رہتا ہے۔ ان میں ٹاٹا پاور ناکہ، ۱۰۰ ؍فٹ روڈ اور وانی ودیالیہ کا علاقہ شامل ہے۔ ان مقامات کا انتخاب ہوا کے معیار کی جانچ کے بعد کیا گیا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کی جا سکے۔
مشین کی خصوصیات
محکمہ ماحولیات کی ایگزیکٹو انجینئرروہنی لوکرے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مشینیں جدید ترین فلٹریشن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔ انہوں نے اس نظام کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مشینیں ساکن حالت میں رہ کر ارد گرد کی آلودہ ہوا کو اپنی طرف کھینچتی ہیں اور اس میں موجود خطرناک باریک ذرات کو الگ کر کے صاف ہوا فضا میں خارج کرتی ہیں۔ آلودگی پر قابو پانے کیلئے ان میں اعلیٰ معیار کے کاربن فلٹرز لگائے گئے ہیں جو زہریلی گیسوں کے اثر کو زائل کرتے ہیں۔ یہ نظام جدید سینسرز سے لیس ہے جسے لائیو ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی وقت ہوا کے معیار کا ڈیٹاحاصل کیا جا سکے۔
روہنی لوکرے نےمزید بتایا کہ یہ پیوریفائرز نہ صرف دھول مٹی کو کنٹرول کرتے ہیں بلکہ پانی کے کم سے کم استعمال کے ذریعے گرد و نواح کے درجہ حرارت میں بھی کمی لاتے ہیں جس سے شدید گرمی کے دنوں میں شہریوں کو ٹھنڈک کا احساس ہوگا۔واضح رہے کہ اس منصوبے کیلئے فنڈ مرکزی حکومت نے فراہم کیا ہے۔ معاہدے کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار آئندہ ۳؍ برسوں تک ان تمام یونٹس کی دیکھ بھال اور مرمت کا ذمہ دار ہوگا تاکہ اس نظام کے تسلسل اور افادیت کو برقرار رکھا جا سکے۔