حفاظت کے پیش نظر تالا لگایا گیا تھا، قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے جے سی پی آشوتوش کمار سے ملاقات کی تھی جس کے بعد اتوار کوتالا کھول دیاگیا ،حافظ عبدالقدوس نے پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔
EPAPER
Updated: July 14, 2025, 12:00 PM IST | Staff Reporter | Mumbai
حفاظت کے پیش نظر تالا لگایا گیا تھا، قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے جے سی پی آشوتوش کمار سے ملاقات کی تھی جس کے بعد اتوار کوتالا کھول دیاگیا ،حافظ عبدالقدوس نے پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔
صنعتی شہر کانپور کی پولیس لائن واقع تاریخی مسجد میں حفاظتی انتظامات کے پیش نظر لگایا گیا تالا اتوار کو قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش کی جوائنٹ پولیس کمشنر و دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کے بعد مسجد نمازیوں کیلئے کھول دی گئی۔ جس پر قاضی شہر نے جے سی پی آشتوش کمار، ڈی سی پی ونود کمار کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہےکہ کانپور پولیس لائن میں انگریزوں کے زمانہ کی قدیمی مسجد واقع ہے۔ جہاں پولیس لائن میں تعینات مسلم پولیس اہلکاروں کےساتھ اپنی فریاد لیکر آنے والے لوگ پنج گانہ نمازوں کے ساتھ جمعہ کی نماز بھی ادا کرتے ہیں۔ دس دن قبل حفاظتی انتظامات اور کچھ شرپسندانہ حرکتوںپر نکیل کسنے کیلئے پولیس افسران نے مسجد کو نماز کیلئے بند کرانے کے ساتھ تالا لگوا دیا تھا۔ جس کی شکایت ملنے پر قاضی شہر حافظ عبدالقدوس ہادی نے جوائنٹ پولیس کمشنر آشتوش کمار، ڈی سی پی ونود کمار ، ڈی سی پی ایس ایم قاسم عابدی سمیت دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کرکے تاریخی مسجد میں تالابندی پر تشویش کا اظہار کرنے کیساتھ نماز کیلئے کھولنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر اعلیٰ افسران نے قاضی شہر سے کہا کہ مسجد میں تالا بندی کی کارروائی مذہب کی بنیاد پر کچھ لوگوں کی طرف کی جارہی شرپسندانہ حرکتوں پر لگام لگانے کے لئے کی گئی۔
جلد ہی اس مسئلے کا مثبت حل نکال کر مسجد نمازیوں کیلئے کھول دی جائے گی ۔ قاضی شہر کے علاوہ سنیچر کو انڈین یونین مسلم لیگ کے عہدیداران نے بھی اے ڈی ایم فائنانس سے ملاقات کرکے میمورنڈم سونپ کر مسجد کھلوانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اتوار کی صبح قاضی شہر حافظ عبد القدوس ہادی نے ایک بار پھر جے سی پی آشتوش کمار سے ملاقات کرکے پولیس لائن مسجد میں تالا بندی کے مسئلے کا پرامن حل نکالنے کا مطالبہ کیا تاکہ اس مسئلے میں سیاست اور افواہوں پر روک لگائی جاسکے جس پر انہوں نے جلد ہی مسئلے کا مثبت حل نکالنے کا وعدہ کرنے کی ساتھ متعلقہ افسران سے بات چیت کرکے مسجدکا تالا کھولنے کی بات کہی۔ اعلیٰ افسران نے اتوار کی دوپہر اس مسئلے میں باہمی مشورہ کے بعد مسجد کو نمازیوں کےلئے کھولنے کا حکم دیا۔ جس کے بعد پنج گانہ نمازوں کیلئے مسجد کھولنے کے ساتھ نماز کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ قاضی شہر نے اعلیٰ افسران سے ملاقات کے بعد مسجد کھلنے کی اطلاع دینے کے ساتھ افسران بالخصوص جوائنٹ پولیس کمشنر آشتوش کمار و ڈی سی پی ونود کمار سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔ قاضی شہر نے کہا کہ اعلیٰ افسران نے یقیناً مسئلے کا مثبت حل نکالنے میں جس طرح اپنا وعدہ نبھایا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔