سنجے کپور کی اہلیہ پریہ کپور کا کہنا ہے کہ کرشمہ کپور کے بچوں کے نام ۱۹۰۰؍ کروڑ روپئے کئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 10, 2025, 10:04 PM IST | New Delhi
سنجے کپور کی اہلیہ پریہ کپور کا کہنا ہے کہ کرشمہ کپور کے بچوں کے نام ۱۹۰۰؍ کروڑ روپئے کئے گئے ہیں۔
اس سال صنعتکار سنجے کپور کی وفات کے بعد ان کے۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کی وراثت کی دعویداری کیلئے قانونی جنگ چھڑ گئی ہے۔ اس معاملے میں بدھ کو دہلی ہائی کورٹ پہنچی سنجے کپور کی سابق اہلیہ کرشمہ کپور نے الزام لگایا کہ سنجے کپور کی وصیت جعلی ہے جسے ان کی جائیداد پر مکمل قبضہ حاصل کرنے کیلئے پریا کپور کے حوالےسے تیار کیا گیا ہے۔ یہ کیول سوٹ ان دونوں کے بچوں سمائرہ کپور اور کیان راج کپور کی جانب سے دائر کیا گیا جس میں کئی تشویشناک تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ دوسری جانب سنجے کپور کی اہلیہ پریہ کا کہنا ہے کہ دونوں بہن بھائیوں کو خاندانی ٹرسٹ سے پہلے ہی۱۹۰۰؍ کروڑ روپے مل چکے ہیں۔اور سوال کیا کہ ’’وہ اور کیا چاہتے ہیں؟‘‘ ان کے وکیل نے یہ بھی موقف پیش کیا کہ اگرچہ وصیت رجسٹرڈ نہیں ہے لیکن یہ’’غیر موثر‘‘ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ایسا نہیں ہے کہ انہیں سڑک پر چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہ موقف جج کے اس سوال کے جواب میں پیش کیا گیا کہ کیا وصیت رجسٹرڈ ہے۔اپنی ماں کرشمہ کپور کی جانب سے نمائندگی کرنے والے بچوں نے الزام لگایا ہے کہ پریہ کپور نے سنجے کپور کی جائیداد پر مکمل قبضہ حاصل کرنے کے لیے ان کی وصیت میں جعل سازی کی ہے۔ بچوں کے سینئر ایڈووکیٹ مہیش جیٹھ ملانی نے استدلال کیا کہ وصیت غیر رجسٹرڈ ہے، اس کا پہلے کبھی ذکر نہیں کیا گیا، اور اسے تاج ہوٹل میں ’’جلدی بازی میں پڑھا گیا۔ انہوں نے مشکوک حالات کی طرف بھی اشارہ کیا، کہ ایگزیکٹر کو بھی وصیت کے بارے میں ایک دن پہلے ہی معلوم ہوا تھا اور اس کا انکشاف ایک خاندانی ملازم کی جانب سے ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی کی عدالت کا صحافیوں کو اڈانی پر ہتک آمیز خبر شائع کرنے سے روکنے کا حکم
رانی کپور نے بھی وصیت کو چیلنج کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے کچھ نہیں چھوڑا گیا اور اسے ناانصافی قرار دیا۔ وکیل ویبھو گاگر نے بتایا کہ رانی نے وصیت کی معلومات کے لیے کم از کم۱۵؍ ای میلز بھیجیں لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ تاہم انہوں نے اس تازہ تصادم سے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔ ان کا اصرار ہے کہ یہ بنیادی طور پر کرشمہ کپور اور پریا سچدیوا کے درمیان ہے۔ گاگر نے مزید کہا کہ مرحوم صنعتکار کی ماں کو اس مقدمے میں مدعا علیہ بنایا گیا ہے کیونکہ وہ ان کی جائیداد کی کلاس ون وارث ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ رانی کپور اپنا موقف واضح کر چکی ہیں اور جلد ہی جوابی بیان دائر کریں گی۔