کرن مجمدار شا نے کہا کہ بنگلور میں بہترین صلاحیتیں اور بہترین موسم ہے لیکن یہاں کا انفراسٹرکچر بدترین ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے جواب دیا کہ حکومت اسے تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
EPAPER
Updated: August 29, 2025, 10:10 PM IST | Bangalore
کرن مجمدار شا نے کہا کہ بنگلور میں بہترین صلاحیتیں اور بہترین موسم ہے لیکن یہاں کا انفراسٹرکچر بدترین ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے جواب دیا کہ حکومت اسے تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
بائیوکون کی چیئرپرسن کرن مجمدار شا نے کرناٹک حکومت پر بنگلور کے بگڑتے ہوئے شہری بنیادی ڈھانچے کو فوری طور پر درست کرنے پر زور دیا اور خبردار کیا کہ ہندوستان کے ٹیک دارالحکومت کے طور پر شہر کی عالمی ساکھ خطرے میں ہے۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کو ٹیگ کرتے ہوئے، شا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا: ”ہمارے بنگلور میں بہترین صلاحیتیں اور بہترین موسم ہے لیکن یہاں کا انفراسٹرکچر بدترین ہے۔ اگر ہم کوڑے، ملبے اور سڑکوں کو ٹھیک کرلیں تو ہم دنیا کے بہترین شہروں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ گریٹر بنگلور اتھارٹی (جی بی اے) کے پاس ایسا کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ آئیے، اسے کرنے کیلئے اجتماعی عزم کا استعمال کریں۔“
اس پوسٹ پر بنگلور کے رہائشیوں نے اپنے تبصروں میں شا کی تائید کی اور شہر میں بڑھتے ہوئے کوڑے کے ڈھیر، خراب سڑکوں اور بار بار آنے والے سیلاب کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان مسائل کی وجہ سے بنگلور، ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک عالمی مرکز کے طور پر اپنا مقام کھو سکتا ہے۔
Agree with you, @kiranshaw avare, Bengaluru has always had the talent, the weather, and the spirit. What it lacked was political will. That’s exactly what we are fixing now.
— DK Shivakumar (@DKShivakumar) August 28, 2025
From garbage to roads, from debris to planning - every challenge is being addressed with purpose and… https://t.co/uWtxXjH0MF
نائب وزیر اعلیٰ کا جواب
کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ شیوکمار، جو بنگلورو شہر ترقیاتی اتھارٹی کے وزیر بھی ہیں، نے ایکس پر شا کو براہ راست جواب دیا اور ان کی تنقید کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اس ضمن میں اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ”میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں۔ بنگلور میں ہمیشہ سے بہترین صلاحیتیں، بہترین موسم اور جذبہ رہا ہے۔ جس چیز کی کمی تھی، وہ سیاسی عزم تھا۔ ہم اب اسی کو درست کر رہے ہیں۔“
ریاستی حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے، شیوکمار نے مزید کہا کہ ”کوڑے سے لے کر سڑکوں تک، ملبے سے لے کر منصوبہ بندی تک، ہر چیلنج سے بامقصد طریقے سے اور فوری طور پر نمٹا جا رہا ہے۔ ہمارا بنگلور ہمیشہ سے جدت، مواقع اور بے مثال جذبے کی نمائندگی کرتا رہا ہے… میرا عہد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارا انفراسٹرکچر اور حکومت، ترقی کو فروغ دینے والے عناصر کے طور پر کام کریں۔“
یہ بھی پڑھئے: کرناٹک: مسلم خواتین کے خلاف متنازع اعلان کرنے والے بی جے پی لیڈر پر معاملہ درج
گریٹر بنگلورو اتھارٹی کی تشکیل
واضح رہے کہ کرناٹک حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر گریٹر بنگلور اتھارٹی (جی بی اے) کی تشکیل کئے جانے کے ایک دن بعد شا کی پوسٹ اور اس پر شیو کمار کا جواب سامنے آیا ہے۔ جی بی اے، ۷۵ رکنی ادارہ ہے جسے حال ہی میں بنائے گئے ۵ نئے شہری کارپوریشنوں میں شہری منصوبہ بندی اور بنیادی ڈھانچے کو مربوط کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جی بی اے، فیصلہ سازی، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور شہری انتظام کو ہموار کرنے کیلئے ایک مرکزی ایجنسی کے طور پر کام کرے گا۔
شیوکمار نے کہا کہ ”گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے ساتھ، اب ہمارے پاس اس وژن کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا ایک منفرد موقع ہے اور ہم اس پر عمل کریں گے۔“ انہوں نے کاروباروں، سول سوسائٹی اور رہائشیوں سے ریاست کے ساتھ شراکت داری کرنے کی اپیل کی ہے۔