جموں کشمیر کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کی ترقی میں اہم سنگ میل، کاروں سے بھری پہلی مال گاڑی اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پہنچی۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 11:01 AM IST | Agency | Srinagar
جموں کشمیر کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کی ترقی میں اہم سنگ میل، کاروں سے بھری پہلی مال گاڑی اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پہنچی۔
جموں کشمیر کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کی ترقی میں ایک سنگ میل کے طور، پہلی بار آٹوموبائل لے جانے والی ٹرین کامیابی کے ساتھ جمعہ کو اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پہنچی جہاں نئے تعمیر شدہ گڈز شیڈ پر اس سے گاڑیوں کو اتارا گیا۔
یہ ٹرین، مانیسر، ہریانہ میں ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے گتی شکتی ٹرمینل سے روانہ ہوئی جس نے تقریباً۸۵۰؍ کلو میٹر سے زیادہ فاصلہ۴۵؍ گھنٹوں میں طے کیا۔ حکام نے بتایا کہ اس ٹرین کے ذریعے۱۱۶؍ نئی تیار شدہ گاڑیوں کو کشمیر پہنچایاگیا اور اسی کے ساتھ وادی کشمیر میں براہ راست ریل پر مبنی آٹوموبائل نقل و حمل کا آغاز ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرین کے۲۵؍ کوچ ہیں جن میں۱۱۶؍ گاڑیوں کو یہاں لایا گیا۔ اس سے قبل مال بردار ٹرین کے ذریعے سیمنٹ جموں کشمیر پہنچائی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر - جموں قومی شاہراہ خراب موسمی صورتحال کے باعث بند رہنے کے باعث امسال کشمیر سے سیبوں کو بھی پہلی بار ٹرین کے ذریعے باہر بھیجاگیا۔ حکام کا ماننا ہے کہ یہ خطے میں مال بردار رابطے میں ایک انتہائی اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل ریک کی براہ راست اننت ناگ آمد سے مینوفیکچررس، ڈیلرس اور بالآخر صارفین سب کے خرچے نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔ دریں اثنا مقامی اسٹیک ہولڈرس، بشمول آٹوموبائل ڈیلرس اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ’’اس سے نہ صرف نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ صارفین تک سامان کی تیز رفتار رسائی کو بھی ممکن بنایا جاسکےگا۔
ریلوے منسٹراشوینی ویشنو نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطہ کیلئے’’گیم چینجر‘‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ’’حال ہی میں جموں کشمیر ریلوے نیٹ ورک کا استعمال کرکے کشمیری سیبوں کو بھی ملک کے دیگر حصوں میں پہنچایاگیاہے۔اب ماروتی سوزوکی کی کاریں ٹرین کیلئے ذریعہ یہاں پہنچائی جارہی ہیں۔ یہ ریلوے لائن جموں کشمیر میں لاجسٹکس کے نظام کو بدلنے اور زندگیوں میں مثبت تبدیلیوں میں اہم رول ہیں۔‘‘
ماروتی سوزوکی ، جو آٹو موبائل مال بردار ٹرین کے ذریعہ کاریں جموں کشمیر پہنچانے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے، کے سی ای او ہِساشی تاکیوچی نےریل نیٹ ورک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ہماری لاجسٹک میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ چناب پر بنایا گیا پل انفرااسٹرکچر کے محاذ پر سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔اس سے ہمیں جموں کشمیر کے صارفین تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نےا س پروجیکٹ کو وزیراعظم نریندر مودی کی دور اندیشی کا مظہر قرار دیتے ہوئےا ن کا شکریہ بھی ادا کیا۔