• Sat, 04 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طوفان شکتی کے سبب ممبئی میں ۷؍ اکتوبر تک بارش کا ریڈ الرٹ

Updated: October 04, 2025, 5:06 PM IST | Mumbai

مہاراشٹر میں شکتی طوفان کا انتباہ، اور ۷؍ اکتوبر تک شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی، تھانے، پالگھر اور دیگر اضلاع میں شدید بارش ہوگی،بحر عرب میں بننے والے اس طوفان کے سبب سمندر میں اونچی لہریں اور ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مہاراشٹر کے لیے سمندری طوفان `’’شکتی‘‘ کی وجہ سے انتباہ جاری کیا ہے۔ یہ طوفان بحر عرب میں بن گیا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور سمندر میں طغیانی کا سبب بنے گا۔ حکام نے تباہی سے نمٹنے کے نظام کو الرٹ کر دیا ہے۔آئی ایم ڈی نے۷؍ اکتوبر تک ممبئی،تھانے، پالگھر، رائے گڑھ، رتناگری، اور سندھودرگ کو الرٹ پر رکھا ہے۔ شمالی مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں۴۵؍ تا ۵۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جو۶۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اساتذہ کے بعد اب حکومت گنا کسانوں سے سیلاب زدگان کیلئے پیسے وصول کرے گی

محکمے نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے مزید شدید ہونے سے ہواؤں کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔شمالی مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں سمندر پہلے ہی سے خطرناک صورت حال اختیار کر چکا ہے اور یہ کم از کم ۵؍ اکتوبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ ساحلی رہائشیوں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والوں، کو ممکنہ سیلاب اور پانی بھرنے کے خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ساحلی علاقوں کے علاوہ، آئی ایم ڈی نے کئی اندرونی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مشرقی ودربھ اور ماراٹھواڑا میں موسلادھار بارش کی توقع ہے، جبکہ شمالی کوکن کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ان بارشوں کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھرنے، روزمرہ زندگی میں رکاوٹ اور کھڑی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فتح پور میں آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹے سمیت ۷؍افراد کی موت

اس طوفان کے مدنظر ریاستی حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حالات کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔تباہی سے نمٹنے کے نظام کو فعال کر دیا گیا ہے، محفوظ مقامات تیار کیے جا رہے ہیں اور پولیس، فائر بریگیڈ اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ طبی سہولیات کو بھی الرٹ پر رہنے کو کہا گیا ہے۔ماہی گیروں کو سختی سے سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے اور جو کشتیاں پہلے سے سمندر میں ہیں انہیں فوراً واپس بلایا جا رہا ہے۔ ساحلی  علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضروری سامان کا ذخیرہ کریں، شدید بارش کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ممبئی اور قریبی شہروں میں طوفان شکتی کی وجہ سے ہونے والی شدید بارش نقل و حمل کو متاثر کر سکتی ہیں، سڑکوں پر پانی بھر سکتا ہے اور روزمرہ کے معمولات میں خلل ڈال سکتی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے سیلاب یا سڑکوں کے بند ہونے سے متعلق انتباہ پر نظر رکھیں۔اگرچہ طوفان کے اصل راستے کے بارے میں آنے والے دنوں میں مزید واضح معلومات مل جائیں گی، تاہم عہدیداروں نے تیاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور سمندر میں طغیانی کے خطرے کو دیکھتے ہوئے شہریوں اور مقامی حکام دونوں سے احتیاط برتنے اور ہنگامی حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK