Inquilab Logo

دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں کے سی آرکی بیٹی کے کویتا گرفتار

Updated: March 16, 2024, 12:37 AM IST | Agency | Hyderabad

ای ڈی نے حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں واقع ان کی رہائش گاہ کی کئی گھنٹوں تک تلاشی لی۔

Kavita can be seen with her brother KTR and family at the time of her arrest. Photo: INN
گرفتاری کے وقت کویتا اپنے بھائی کے ٹی آر اور اہل خانہ کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر : آئی این این

مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) نے جمعہ کو بھارتیہ راشٹریہ سمیتی(بی آر ایس) سربراہ کی بیٹی اور ایم ایل سی کے کویتا کے گھر چھاپہ مارا ہے ۔ایجنسی نےدہلی آبکاری گھوٹالے سے منسلک  مبینہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں کویتا کو حراست میں لے لیا ہے ۔
 رپورٹ کے مطابق  ای ڈی کی ٹیم نے حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں واقع کویتا کی رہائش گاہ پر کئی گھنٹوں تک سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور کویتا کے بڑے بھائی کے ٹی آر کی  ای ڈی کے افسران  سے کافی بحث ہوئی۔ اس دوران کے ٹی آر نے برہمی کے ساتھ افسران سے سوال پوچھے ۔ انہوں نے افسران سے پوچھا کہ ’’کیا آپ لوگوں کے پاس پریزنر ٹرانزٹ وارنٹ ہے؟ آپ اسکے بغیر کیسے گرفتار کرسکتے ہیں؟ ‘‘ کے ٹی آر کا کہنا ہے کہ ای ڈی نے سپریم کورٹ میں جو تیقن دیا تھا اس کے برخلاف وہ قدم اٹھارہے ہیں۔تاہم ای ڈی افسران نے ان کی ایک نہ سنی اور کویتا کو گرفتار کرلیا۔ معلوم ہوکہ کویتا کو دو بار سمن بھیجا گیا تھا لیکن وہ ای ڈی کے روبرو حاضر نہیں ہوئی تھیں۔ جس کے بعد یہ کارروائی عمل میں آئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کے اہلکار کویتا کو پوچھ گچھ کیلئے  دہلی میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر لے جا سکتے ہیں اور وہاں انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کیا جا سکتا  ہے۔
 ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کے آٹھ افسران کی ایک ٹیم دن میں بنجارہ ہلز میں محترمہ کویتا کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔ اس میں دو خواتین اہلکار بھی تھیں۔ تلاشی کے دوران انہوں نے لوگوں کے گھر میں آنے جانے پر پابندی لگادی تھی اور گھر کے اندر رہنے والےسب کے موبائل فون اپنے قبضے میں لے لئے تھے۔بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی کی تلاشی کے دوران کویتا اور ان کے شوہر انل دونوں گھر میں موجود تھے۔اس کارروائی کی اطلاع ملتے ہی بی آر ایس کے لیگل سیل کے جنرل سکریٹری سوما بھارت کویتا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ای ڈی حکام نے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا، سنجے سنگھ اور دیگر کئی ملزم عدالتی حراست میں ہیں۔ ای ڈی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو پوچھ گچھ کیلئے کئی نوٹس بھیجے ہیں لیکن وہ ابھی تک ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK