Inquilab Logo

کیجریوال کی عوام سے اپیل، کورونا کے بڑھتے معاملات سے بالکل بھی خوف زدہ نہ ہوں

Updated: July 07, 2020, 11:50 AM IST | Agency | New Delhi

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت یاب ہونےوالوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اموات کی شرح بھی کم ہورہی ہے۔ کورونا کو شکست دینے والوں سے انہوں نے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کی

Arvind Kejriwal - Pic : INN
اروند کیجریوال ۔ تصویر : آئی این این

دہلی میں کورونا  وائرس کے  معاملات میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے شہر میں جو سراسیمگی پائی جارہی ہے،اس سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے  دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال  نے کہا کہ اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیجریوال نے کہاکہ انفیکشن کے معاملے جہاں ایک طرف بڑھ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف ٹھیک ہونے  والوں کی تعداد میں بھی تیزی  سے اضافہ  ہورہا ہے۔ مجموعی طور سے۹۹؍ ہزار ۴۴۴؍مریضوں میں سے ۷۱؍ ہزار ۳۳۹؍ مریض صحت یاب ہوچکے  ہیں۔ خیال رہے کہ ریاست میں انفیکشن سے ۳؍  ہزار سے زیادہ لوگوں کی  اموات  بھی ہوچکی ہے۔
 انہوں نےویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میڈیا کوبتایا کہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں  راجدھانی میں کورونا کی صورت حال کافی بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس  وبا سے  نمٹنے کے معاملے میں پلازمہ کافی کارآمد ثابت ہورہا ہے،اسی لئے ہم نے یہاں پلازمہ بینک شروع کیاہے۔ انہوں نے لوگوں  سے زیادہ سے  زیادہ تعداد  میں آکر پلازمہ عطیہ کرنے کی بھی دوبارہ  اپیل کی۔کیجریوال  نے کہا کہ۲۵؍ہزار سرگرم کورونا کے مریضوں میں سے۱۵؍ ہزار کا علاج گھر پر کیا جارہاہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اموات کی شرح میں کمی آئی  ہے۔ 
 خیال رہے کہ دہلی میں ملک کا پہلا کورونا پلازمہ بینک کھولا گیاہے۔ جانچ سے پتہ  چلا ہے کہ  پلازمہ تھیراپی کئی مریضوں کو  ٹھیک کرنے میں  مدد کرسکتی ہے۔کیجریوال نے بتایا کہ  دہلی میں اب روزانہ۲۰؍ہزارسے۲۴؍ہزار کورونا کی جانچ کی جارہی  ہے۔ جون مہینے کا  ذکر کرتے ہوئےکیجریوال نے کہا ہے کہ کم جانچ ہونے پر بھی روزانہ۱۰۰؍ میں  سے۳۵؍ کورونا پازیٹیو آتی تھی لیکن اب  اس کی تعداد۱۰۰؍ میں سے۱۱؍ ہی  ہے۔  انہوں نے کہا کہ اسپتالوں  میں تقریباً۵۱۰۰؍ مریض  داخل ہیں جبکہ ۱۰؍ ہزار بیڈ خالی ہیں۔  اس وقت دہلی میں جانچ  اور بیڈ کی کوئی پریشانی نہیں ہے  اور ایپ کے ذریعہ پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ کہاں کتنے بیڈ  خالی ہیں؟
 پلازمہ عطیہ کرنے والوں کی تعداد کم دیکھتے  ہوئے وزیراعلیٰ  نے کہا کہ اگر پلازمہ عطیہ کرنے  والوں کی تعداد نہیں بڑھی تو اسٹاک میں جو پلازمہ رکھا ہے وہ سب ختم  ہو جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ ’’میری ہاتھ جوڑ کر  درخواست ہے کہ زیادہ سے زیادہ   لوگ آگے آکر پلازما عطیہ کرنے کیلئے آگے آئیں۔‘‘پلازمہ عطیہ کرنے  کے  وقت کی تکلیفوں کی افواہوں پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’ایسا بالکل بھی نہیں ہے، ایسا کرنے سے عطیہ دینے والے کو کوئی کمزوری آئے گی، نہ ہی انہیں کوئی تکلیف ہوگی۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھ کسی کو لے کر  جائیں گے تو انفیکشن ہوجائےگا، اس معاملے میں واضح کردوں کہ آئی ایل بی ایس  ایک  غیر کورونا  اسپتال ہے۔‘‘
 کیجریوال نے بتایا کہ ’’میری  ایک ٹیم ٹھیک ہونے والے سبھی مریضوں کو فون کرکے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کررہی ہے۔ اگر آپ کو فون آئے تو منع  نہ کرکے ضرور عطیہ کریں، جتنے بھی  اسپتال کوروناکا علاج کررہے ہیں، وہ مریض کے ٹھیک  ہونے پر ان کی کاؤنسیلنگ کریں اور انہیں بتائیں کہ وہ ٹھیک ہوکر پلازمہ عطیہ کرسکتا ہے۔ میری سبھی آر ڈبلیو اے سے درخواست ہے کہ وہ پلازما عطیہ کرنے والے شخص کا  بڑے  پیمانے  پر ان کی عزت افزائی کریں۔گزشتہ کچھ دنوں  میں دہلی میں انفیکشن سے  متاثر ہونے والوں کی روزانہ کی تعداد میں کمی دیکھنے کو  مل رہی  ہے اور  اب مجموعی  معاملات میں قومی راجدھانی تیسرے مقام پر آگئی  ہے جبکہ  اس  سے پہلے  یہ  دوسرے نمبر  پر تھی۔   
 خیال رہے کہ دہلی  میں۲۳؍  جون کو  ایک  دن میں کورونا  کے ریکارڈ۳۹۴۷؍ نئے معاملے سامنے  آئے تھے جبکہ ۵؍  جولائی کو یہ تعداد۲۲۴۴؍ تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK