Inquilab Logo

کیرالا: ایک ہی بورڈ پر مسجد اور مندر کے نام، مذہبی ہم آہنگی کی عمدہ مثال

Updated: March 30, 2024, 3:24 PM IST | Coonoor

کیرالا کے تروننت پورم کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک ہی بورڈ پر مسجد اور مندر کا نام درج ہے۔ اسے کیرالا میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی عمدہ مثال قرار دیا جارہا ہے ۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حقیقی ’’کیرالا اسٹوری‘‘ یہ ہے۔

The name of the mosque can be seen on the right and the name of the temple on the left. Image: X
دائیں جانب مسجد اور بائیں جانب مندر کا نام دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: ایکس

کیرالا کے تروننت پورم میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی مثال قائم کرتی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بورڈ ہے۔ اس پر مسجد اور مندر دونوں کے نام درج ہیں۔ تروننت پورم کے علاقے ونجادار وموڈو میں پرائل مسجد اور دی میلی کوڈی موڈو شری چامونڈیشوری مندر کے نام ایک ہی بورڈ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ 
حال ہی میں مندر کی تزئین کاری کا کام ہوا ہے۔ مندر انتظامیہ چاہتی تھی کہ مندر کا بورڈ سڑک کی شروعات میں لگایا جائے اور وہ موزوں جگہ کی تلاش میں تھی۔ لیکن روڈ کے داخلے پر مسجد کا محراب نما بورڈ پہلے ہی نصب تھا۔ مسجد انتظامیہ نے بورڈ شیئر کرنے کی پیشکش کی۔ اس طرح بورڈ کی دائیں طرف مسجد کا نام اور بائیں طرف مندر کا نام درج ہے جبکہ تارہ اور اوم کا نشان بورڈ کے عین درمیان ہے۔ 
یہ تصویر کیرالا کے کانگریس، سی پی آئی (ایم) اور انڈین یونین مسلم لیگ کے لیڈران نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین اسے ہندو مسلم مذہبی رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔ نیز کئی صارفین نے یہ بھی کہا کہ ’’حقیقی کیرالا اسٹوری یہ ہے مگر بالی ووڈ کیرالا کی مسخ شدہ اسٹوری دکھانے میں یقین رکھتا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK