پونے کے تاریخی قلعے لوہ گڑھ پر انجام دی گئی قتل کی واردات جسے ’حادثاتی موت‘ کی شکل دینے کی کوشش کی گئی تھی، اسے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی ایک’ ہوڈی ‘ نے فاش کیا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 2:18 PM IST | Pune
پونے کے تاریخی قلعے لوہ گڑھ پر انجام دی گئی قتل کی واردات جسے ’حادثاتی موت‘ کی شکل دینے کی کوشش کی گئی تھی، اسے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی ایک’ ہوڈی ‘ نے فاش کیا۔
پونے کے تاریخی قلعے لوہ گڑھ پر انجام دی گئی قتل کی واردات جسے ’حادثاتی موت‘ کی شکل دینے کی کوشش کی گئی تھی، اسے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی ایک’ ہوڈی ‘ نے فاش کیا۔ یہ ہوڈی ملزمہ سیا گوئل کے عاشق چیتن چودھری نے پہن رکھی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ سیلفی لیتے وقت پونےکے لوہ گڑھ قلعے سے گر کر ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی ہے۔ شروع میں اسے ایک عام حادثہ سمجھا گیا لیکن جب پولیس نے معاملے کی تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ مہلوک کیتن اگروال کو اسی کی منگیتر نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر پہاڑ سے دھکیل دیا تھا۔ اس واقعے نے مہاراشٹر بھر میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ کیتن کی منگیتر سیا گوئل نے فون کرکے اپنے اور کیتن کے اہل خانہ کے علاوہ پولیس کو بھی یہی بتایا تھا کہ تصویر کھینچتے وقت کیتن کا پیر پھسل گیا اور وہ ۴۰۰؍ فٹ گہری کھائی میں گر پڑا۔ پولیس نے معاملہ بھی حادثاتی موت ہی کا درج کیا تھا لیکن قاعدے کے مطابق جب پولیس نے اس کی ہر زاویے سے تفتیش شروع کی تو ایک کے بعد ایک سراغ اس کے ہاتھ لگتے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: ایکناتھ شندے اور ادھو ٹھاکرے کو اب ایک ہوجانا چاہئے: بچو کڑو
پولیس نے اس جگہ کا معائنہ کیاجہاں سے کیتن گرا تھا۔ پولیس کو سیا کے بیان پر کچھ شبہ تھا۔ اس نے لوہ گڑھ قلعہ کے راستے پر لگے سی سی ٹی وی کیمروںکے فوٹیج دیکھنے شروع کئےتبھی اس کی نظر ایک شخص پر پڑی جو شدید گرمی کے دنوں میں ایک ہوڈی ( سردیوں میں پہننے والا جیکٹ جس پر سر کو ڈھانکنے کیلئے ٹوپی جیسا حصہ بنا ہوتا ہے)پہنے قلعے کی سیڑھیاں چڑھ رہا تھا۔ اس نے اپنا چہرہ بھی ڈھانک رکھا تھا۔ پولیس کو شبہ ہواکہ آخر اتنی گرمی میں اس شخص نے ہوڈی کیوں پہن رکھی ہے؟ پھر اس پر چہرہ کیوں چھپا رکھا ہے؟ پولیس نےا س شخص کو ڈھونڈنا شروع کیا۔ اسے شبہ تھا کہ یہ شخص بھی اس مقام پر گیا تھا جہاں سیا اور کیتن گئے تھے۔ تب پولیس نے سیا اور کیتن کے فون ریکارڈ اور فون لوکیش کی جانچ کی۔ معلوم ہوا کہ سیا گوئل چیتن چودھری نامی کسی لڑکے سے مسلسل رابطے میں تھی۔ پولیس نے چیتن کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے بلالیا۔
معلوم ہوا کہ چیتن چودھری کی پونے کے مارکیٹ یارڈ علاقے میں مسالوں کی دکان ہے جہاں سیا کے والد کی بھی دکان ہے۔ پوچھ تاچھ اور تکنیکی جانچ کے ذریعے پولیس کے سامنے کئی ثبوت خود بخود آ گئے۔معلوم ہوا کہ سیا اصل میں چیتن سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اہل خانہ کے دبائو میں اسے کیتن سے شادی کرنی پڑ رہی تھی۔ دونوں نے مل کر کیتن کے قتل کی سازش رچی۔ غالباً سیا اپنی سالگرہ منانے کے بہانے کیتن کو لوہ گڑھ قلعہ پر لے گئی جہاں وہ پہلے بھی جا چکے تھے۔ چیتن اس جگہ پر پہلے ہی چھپ کر بیٹھا تھا۔پھر تصویر کھینچنے کے بہانےکیتن کو اوپر سے دھکا دیدیا گیا۔ فی الحال پولیس نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کیتن کو سیا نے خود دھکا دیا، یا چیتن نے دھکیلا یا پھر دونوں نے مل کر یہ واردات انجام دی۔ البتہ چیتن نے خود کو پولیس یا سی سی ٹی وی کی نظروں سے بچانے کیلئے جو ’ہوڈی ‘ پہنی تھی اسی ہوڈی نے اسے پولیس کے شکنجے تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی کے شاردُل سی اے (انٹر) امتحان میں ملک بھر میں اول
یاد رہے کہ کیتن پونے کےبہت بڑے بلڈر شیام اگروال کا بیٹا تھا اور اپنے والد کی کمپنی میں اونچے عہدے پر فائز تھا جبکہ سیا کے والد کا مسالوں کا کاروبار ہے۔ دونوں کی شادی جے پور کے ایک محل میںمنعقد ہونے والی تھی جس کیلئے ۱۷؍ کروڑ روپے خرچ ہونے والے تھے۔ جے پور جانے کی خاطر مہمانوں کیلئے ۲؍ ہوائی جہاز بھی بک کروائے گئے تھے لیکن سیا کو یہ شادی نہیں کرنی تھی اور اس نے اپنے منگیتر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔