Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈومبیولی کے شاردُل سی اے (انٹر) امتحان میں ملک بھر میں اول

Updated: June 25, 2026, 1:54 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

۶۰۰؍ میں سے ۵۳۱؍ مارکس حاصل کئے، سی اے فاؤنڈیشن میں بھی شاردل نے ملک میں اول مقام حاصل کیا تھا۔

Shardul Vacharae. Photo: INN
شاردل وچارے۔ تصویر: آئی این این

انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کی جانب سے مئی ۲۰۲۶ میں منعقدہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ( سی اے) انٹرمیڈیٹ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس انتہائی مسابقتی اور مشکل امتحان میں ڈومبیولی سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم شاردل شیکھر وچارے نے ۶۰۰؍ میں سے  ۵۳۱؍ نمبر حاصل کئے ہیں۔ اس طرح ۸۸؍ فیصد مارکس کے ساتھ ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے شاردل نے اپنے علاقے اور والدین کا نام روشن کیا ہے۔

اطلاع کے مطابق شاردل وچارے ایم آئی ڈی سی علاقے میں واقع اونکار انٹرنیشنل اسکول کے طالب علم رہے ہیں۔ شاردل کی تعلیمی کارکردگی شروع ہی سے شاندار رہی ہے۔ انہوں نے سال ۲۰۲۳ء میں آئی سی ایس ای بورڈ سے دسویں جماعت کا امتحان ۹۹؍ فیصد نمبروں کے ساتھ پاس کیا تھا اور اس وقت بھی وہ ملک میں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔اس کے بعد انہوں نے بارہویں جماعت کی تعلیم ماٹونگا کے پوددار کالج سے حاصل کی جہاں انہوں نے ۹۵؍ فیصد  مارکس لئے۔ گزشتہ سال مئی ۲۰۲۵ میں منعقدہ سی اے فاؤنڈیشن کے امتحان میں بھی شاردل نے ۹۰ فیصد نمبروں کے ساتھ ملک بھر میں ٹاپ کیا تھا۔اس امتحان میں شاردل کے علاوہ کوچی کے ابھینو ستیش ۵۳۰؍ نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ ممبئی کے تیرتھ جین  ۵۱۹ ؍نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دلت-مسلم انکاؤنٹر پر الگ رویہ کیوں؟: جیتن مانجھی

واضح رہے کہ مئی ۲۰۲۶ء میں منعقدہ اس امتحان کیلئے ملک اور بیرون ملک کل ۶۱۱ ؍مراکز پر ایک لاکھ ۵۳ ؍ہزار ۸۶۲؍ امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کروایا تھا۔اپنی اس شاندار کامیابی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شاردل کا کہنا ہے کہ عزم، سخت محنت اور میرے والدین و اساتذہ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی ہی میری اس کامیابی کا اصل راز ہے۔مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب وہ سی اے فائنل کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں گے جس کے بعد وہ اپنے کیریئر کا اگلا فیصلہ کریں گے۔ 

یاد رہے کہ چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے امتحانات میں لاکھوں میں سے چند امیدوار کامیاب ہوتے ہیں۔ اس امتحان کو انتہائی مشکل تصور کیا جاتا ہے۔ اس میں کامیاب ہوجاناہی اپنے آپ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ اول آنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں ۔ اس اعتبار سے شاردل کے اہل خانہ اور دوست احباب اسے بہت بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں ۔ انہیں ہرطرف سے مبارکباد دی جا رہی ہے۔ چارٹرڈ اکائونٹنٹ کا عہدہ اپنے آپ میں اہمیت کا حامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK