رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے نائیگاؤں میں لڑکی سے چھیڑچھاڑ اور اسے ٹرین سے نیچے دھکیلنے کے واقعہ پربرہمی کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 12:05 PM IST | Agency | Mumbai
رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے نائیگاؤں میں لڑکی سے چھیڑچھاڑ اور اسے ٹرین سے نیچے دھکیلنے کے واقعہ پربرہمی کا اظہار کیا۔
ممبئی شہر کو خواتین کیلئے محفوظ قرار دیا جاتا تھا لیکن گزشتہ چند برسوں سے شہر میں قانون و نظم و نسق کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ حکومت کی جانب سے خواتین کے تحفظ سے متعلق کئے جانے والے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہو رہے ہیں اور اب لوکل ٹرینوں میں سفر کے دوران بھی خواتین محفوظ نہیں ہیں۔
نائیگاؤں ریلوے اسٹیشن پر ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے اسے ٹرین سے نیچے پھینکنے کا واقعہ ممبئی کے قانون و نظم و نسق کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔ اتنا سنگین واقعہ پیش آنے کے باوجود کیا ریلوے پولیس اور تمام حفاظتی ادارے گہری نیند سو رہے تھے؟ یہ سوال ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اٹھایا ہے۔
ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے مزید کہا کہ ممبئی کے شہریوں کیلئے لوکل ٹرینوں کو لائف لائن کہا جاتا ہے لیکن اب یہ ڈیتھ لائن بنتی جا رہی ہیں۔ لوکل ٹرین کے ڈبے میں ایک نوجوان کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ ایک دوسرے واقعے میں ریلوے اسٹیشن کے سامنے ایک شخص پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعات بھی لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ ریلوے کے ڈبوں اور اسٹیشنوں پر مناسب حفاظتی انتظامات نظر نہیں آتے۔ کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو حکومت اور انتظامیہ کی نیند کھلتی ہے اور تحفظ کے بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کانگریس بھگوتی اسپتال کی نجکاری نہیں ہونے دے گی‘‘
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ نائیگاؤں کے واقعے میں متاثرہ لڑکی کا ایک ہاتھ کہنی سے کاٹنا پڑا ۔ ریلوے انتظامیہ کو چاہئےکہ اسے خاطر خواہ مالی امداد فراہم کرے اور اس کے علاج کا پورا خرچ بھی برداشت کرے۔ اس کے علاوہ حملہ آور کو سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممبئی کی مضافاتی ریلوے خدمات کے حوالے سے ریلوے کے سینئر افسران کے ساتھ کئی میٹنگیں ہوئیں اور خط و کتابت بھی کی گئی لیکن سینئر افسران عوامی نمائندوں کی بات کو بھی اہمیت نہیں دیتے۔ حکومت اور ریلوے انتظامیہ کے کام کاج میں کوئی بہتری نظر نہیں آ رہی جو انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ ممبئی کے شہریوں کے مسائل کو نظرانداز کرنے والے من مانی کرنے والے اور کام چوری کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ ممبئی کے شہریوں کے تحفظ اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنے کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے تحفظ اور شہری مسائل کے معاملے پر وہ آئندہ بھی حکومت سے جواب طلب کرتی رہیں گی۔