Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ایرانی میزائلوں نے باوقار افراد کو خوش کردیا‘

Updated: June 21, 2025, 5:57 PM IST | Tehran

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں اسرائیلی فضائی حملوں اور غزہ میں کئے گئے مظالم کے مناظر کو دکھایا ہے

Iranian Supreme Leader Ayatollah Ali Khamenei. Photo: INN
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای۔ تصویر: آئی این این

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں اسرائیلی فضائی حملوں اور غزہ میں کئے گئے مظالم کے مناظر کو دکھایا ہے اور کہا ہے کہ ایرانی میزائلوں  نے دنیا بھر میں  باوقار افراد کو خوش کردیاہے۔ اس کے ساتھ ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کی تباہ کاریوں اور اس پر لوگوں کے جشن منانے کی فوٹیج کو ویڈیو میں شامل کیا گیا ہے۔ 
 خامنہ ای کی جانب سے شیئر کئے گئے ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں لوگوں نے ایران کے ان حملوں کو سراہا، جو اسرائیل کے خلاف ردعمل کے طور پر کیے گئے۔ شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں تحریر کیاگیا ہے کہ ’’وہ میزائل جو دنیا کے باوقار انسانوں کیلئے خوشی کا باعث بنے۔ ‘‘ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوطرفہ کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ 
 میں ابھی زندہ ہوں:  علی شمخانی
اسرائیل کے اس دعویٰ  کے  برخلاف کہ اس نے  ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مشیر خاص  ایڈمرل علی شمخانی کو گزشتہ ہفتے کے حملے میں قتل کر دیا ہے،خود شمخانی نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ’’میں ابھی زندہ  اوراپنی جان قربان کرنے کیلئے تیار ہوں۔‘‘
 انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے اوراب روبہ صحت ہیں۔ ایران کے پریس ٹی وی کے مطابق علی شمخانی نے جمعہ کو آیت اللہ خامنہ ای کو پیغام بھیجا ہے کہ ’’صبح فتح قریب ہے۔‘‘ انہوں  نےمزید کہاکہ ’’ایران کا نام ہمیشہ کی طرح تاریخ کے اوراق میں روشن رہے گا، اور شہدا کی مسکراہٹیں ہمارے مستقبل کا عکس ہوں گی۔‘‘
اسرائیل  میں نقصانات کی رپورٹنگ پر میڈیا کو دھمکیاں
سرائیلی حکومت نے ایران کے میزائل حملوں کو روکنے میں ناکامی کا غصہ غیر ملکی میڈیا پر نکالنا شروع کردیا ہے۔ میزائل حملوں  اوران کے نقصان کی تصویر کشی یا ویڈیوگرافی کرنے والے غیر ملکی صحافیوں کے خلاف تحقیقات کی دھمکی دی گئی ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این  کے مطابق اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزرا ایران کے میزائل حملوں کی عکس بندی کرنے پر غیر ملکی میڈیا پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے شین بیت (داخلی خفیہ ایجنسی) کے نئے قائم مقام سربراہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ’’ کچھ غیر ملکی میڈیا ادارے سینسرشپ  کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور میزائل حملوں کی جگہوں سے براہ راست نشریات کے ذریعے قومی سلامتی کا سنگین جرم کر رہے ہیں۔‘‘
حملوں کے  بیچ ایران میں  نماز ِجمعہ معمول کے مطابق ادا کی گئی
 ایران پر جاری اسرائیلی حملوں کے باوجود دارالحکومت تہران سمیت مختلف ایرانی شہروں میں نمازِ جمعہ معمول کے مطابق ادا کی گئی ۔ تہران  جو حملوں کا مرکز ہے ، کی  مساجد میں نمازِ جمعہ میں دسیوں ہزار افراد شریک ہوئے۔اس موقع پر ایرانی شہری سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی تصاویر اور ایرانی پرچم لیے نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں آئے۔ایران کے مختلف شہروں میں اسرائیل مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔
موساد کا ایجنٹ گرفتار
ایرا ن نےاسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور  جاسوس کو گرفتار کیا ہے۔ وہ بذریعہ واٹس ایپ ایرانی فضائی دفاع کا ڈیٹا شیئر کر رہا تھا۔ واضح  رہےکہ اسرائیل  جو ایران کی میزائلوں  سے پریشان ہے، اس کے میزائل لانچ کےمراکز کو نشانہ بنا رہاہے۔  اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے میزائلوں کے ۳۵؍ ذخیرہ اور لانچ سائٹس کو تباہ کر دیا ہے۔

 اسرائیل میں  ۸؍ ہزار  سے زائد بے گھر

سرائیل پر ایران کے غیر متوقع جوابی حملوں کی وجہ سے  ۸؍ ہزار  سے زائد اسرائیلی بے گھر ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاع خود اسرائیلی اخبار ’یدیعوت آحارونوت‘ نے اسرائیلی پراپرٹی ٹیکس معاوضہ فنڈ کے حوالہ سے  دی ہے۔رپورٹ کے مطابق عمارتوں اور گاڑیوں کو ہونے والے نقصان کی  بھرپائی کیلئے  تقریباً۳۰؍درخواستیں دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی بڑی آبادی بنکروں اور سب وے میں چھپی ہوئی ہے۔ 

 ایرانی حملے کے بعد اسرائیلی اسپتال  بند

ایرانی حملے میں اسرائیل کے بیر السبع  میں واقع  اسپتال’سوروکا میڈیکل سینٹر ‘ کے نشانہ بنائے جانے کےبعد اسے نئے مریضوں  کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ سوروکا میڈیکل سینٹر نےاس کی اطلاع دی  ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حملے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور درجنوں افراد کو زخمی کیا، اسپتال  کےبیشتر مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا جارہاہے  جبکہ نئے مریضوں کو بھرتی نہیں کیا جارہا۔ 

ایران کا بھی  اسرائیلی شہریوں کو انخلاء کا حکم

اسرائیل کو اسی کے انداز میں جواب دینے میں  مصروف ایران نےبھی اسرائیلی شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ  انخلاء کیلئے تہران کی جانب سے جاری کئے جانےوالے احکامات پر عمل کریں۔  ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے  اسرائیلیوں پر زور دیا  ہےکہ وہ حملوں سے پہلے ایران کے انخلاء کے حوالے سے جاری کیے گئے حکم پر عمل کرتے ہوئے فوجی اور انٹیلی جنس کے ادروں اور مراکز کے قریب جانے سے گریز کریں۔

 اسرائیل کو اسی کے انداز میں جواب دینے میں  مصروف ایران نےبھی اسرائیلی شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ  انخلاء کیلئے تہران کی جانب سے جاری کئے جانےوالے احکامات پر عمل کریں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلیوں پر زور دیا  ہےکہ وہ حملوں سے پہلے ایران کے انخلاء کے حوالے سے جاری کیے گئے حکم پر عمل کرتے ہوئے فوجی اور انٹیلی جنس کے ادروں اور مراکز کے قریب جانے سے گریز کریں۔

عراقچی اور وِٹکوف میں رابطہ کی تردید 

 ایران نے مختلف ممالک کے ۳؍ سفارتکاروں  کے اس’ انکشاف‘ کی تردید کی ہے کہ مشرق وسطیٰ کیلئے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے ایران پر حملوں کے بعد متعدد بار ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔ایران کی  خبررساں ’’فارس ‘‘کے مطابق ایرانی ذرائع نے عراقچی اور وِٹکوف کے درمیان کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کی ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK