Inquilab Logo Happiest Places to Work

کھنڈوہ : تالاب کی زمین پر بنائے گئے تقریباً ۱۰۰؍مکان منہدم

Updated: June 13, 2025, 3:36 PM IST | Agency | Khandwa

غیر قانونی قبضہ ہٹانے کیلئے میونسپل کارپوریشن نے ضلع انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی

A view after the illegal encroachment of Shakar Talab was removed. Photo: INN
شکر تالاب کا غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی کارروائی کے بعد کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

مدھیہ پردیش کے کھنڈوہ شہر کے شکر تالاب علاقے میں ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو مستقل رہائشی تجاوزات کے خلاف ایک بڑی مہم چلائی اور سو سے زیادہ مکانات کو مسمار کر دیا۔ شکر تالاب کے علاقے میں تقریباً ۱۶؍ ایکڑ پر پھیلے اس تالاب کی اراضی پر ۱۳۷؍ مستقل۳۵؍ سے۴۰؍ سال پرانی تجاوزات تھیں جنہیں ہٹانے کی کوششیں کافی عرصے سے جاری تھیں۔ بالآخر جمعرات کو۱۰؍ جے سی بی، ۴؍ پوکلین، ۳؍فائر بریگیڈ، ۱۰؍ ڈمپر اور۳؍ ایمبولینسوں کا ایک بڑا قافلہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ملازمین شامل تھے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل وہ تمام مکانات خالی کرا لئے گئے جنہیں مسمار کیا جانا تھا۔ 
 اس سلسلےمیں میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر ایس آر سیتولے نے بتایا کہ کھنڈوہ کے رامیشور علاقے میں گورنمنٹ مہارانی لکشمی بائی گرلز اسکول کے پیچھے ایک بڑا تالاب ہوا کرتا تھا جسے شکر تالاب کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس تالاب کی زمین رفتہ رفتہ تجاوزات کا شکار ہوتی گئی اور تالاب ختم ہو گیا۔ اگرچہ بارش کے موسم میں یہاں پانی جمع ہو جاتا ہے لیکن یہاں کے مکین اس کی نکاسی کرتے تھے۔ کافی عرصے کے بعد میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے اسے خالی کرانے کی بڑی مہم چلائی۔ گزشتہ۴؍ ماہ سے تمام تجاوزات کو مسلسل نوٹسز جاری کئے گئے تھے۔ منادی بھی کی گئی لیکن کوئی بھی اپنی مرضی سے تجاوزات ہٹانے کو تیار نہیں تھا۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ضلع انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔ 
 انہوں نے کہا کہ شکر تالاب کی اراضی پر۱۳۷؍ افراد نے تجاوزات کر رکھی تھیں جن میں سے۲۷؍ افراد کو ہائی کورٹ نے اسٹے دے دیا ہے۔ ہاؤسنگ بورڈ کی جانب سے۱۲؍ مکانات الاٹ کئے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ باقی کو گرانے کا عمل جمعرات کو دن بھر جاری رہا۔ ان کے مطابق ہر ایک کو متبادل فراہم کئے گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK