ونچت بہوجن اگھاڑی کی قومی لیڈر انجلی تائی امبیڈکر کا اظہارِ افسوس۔ اہل خانہ سے ملاقات کرکے انصاف دلانے کا یقین دلایا۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کی لیڈر پروفیسر انجلی تائی امبیڈکر۔ تصویر:آئی این این
ناندیڑ سے قریب سون کھیڑ کے ایک پیٹرول پمپ پر معمولی تکرار کے بعد ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والے ناندیڑ شہر کے پیر برہان سے تعلق رکھنے والے کفایت علی کے اہل خانہ سے اتوار کو ونچت بہوجن اگھاڑی کی قومی لیڈر پروفیسر انجلی تائی امبیڈکر نے ملاقات کی۔ انہیں تسلی دی اور انصاف دلانے کا یقین دلایا۔پروفیسر انجلی تائی امبیڈکر نے اس موقع پر مرحوم کفایت علی کی بیٹی کی تعلیم کی ذمہ داری اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ بچی جتنا بھی تعلیم حاصل کرنا چاہے، اس کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ناندیڑ کے سون کھیڑ علاقے میں واقع ایک پیٹرول پمپ پر ’پیٹرول دستیاب ہے یا نہیں؟‘اس کی پوچھ تاچھ پر ہونے والی بحث و تکرار کے بعد جان لیوا حملہ ہوا تھا جس میں کفایت علی کی موت ہوگئی تھی۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔اس موقع پر ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی نائب صدر فاروق احمد، گروپ لیڈر انجینئر پرشانت انگولے، ضلع صدر راج اٹکورے، کارپوریٹر ایڈوکیٹ شیخ بلال، راہل سونسلے اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اس دوران میڈیا کو دئے گئے اپنے بیان میں انجلی تائی امبیڈ کرنے کہا کہ کفایت علی کے ساتھ جو حالات پیش آئے، وہ ملک بھر میں مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جارہی نفرت کی وجہ سے ہے کیونکہ پیٹرول پمپ پر جس بات پربحث ہوئی، وہ کوئی بڑی بات نہیں تھی اور نہ ہی کفایت علی کی کسی سے کوئی دشمنی تھی ۔جن لوگوں کے ذہنوں میں مذہبی جنون اور نفرت گھر کرجاتی ہے، وہ کسی بھی طرح کی حیوانیت پر اترآتے ہیں۔کفایت علی کے ساتھ پیش آئے حالات کچھ ایسے ہی تھے ۔وہ پیٹرول پمپ پر کام کررہے تھے، ان کا پیٹرول پمپ نہیں تھا ، اس کے باوجود انہیں ایک مسلمان ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ۔ملک کو اس نفرت کی آگ سے بچانا ہے تو سماج میں پھیل رہی نفرت کو کم کرنا بہت ضروری ہے ۔مشکل کی اس گھڑی میں ونچت بہوجن اگھاڑی کفایت علی کے افراد خانہ کے ساتھ پوری طاقت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس انتظامیہ سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کرے اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلانے کی کوشش کرے۔
رکن اسمبلی ابوعاصم نے مقتول کے بھائی سے گفتگو کی
اسی سلسلہ میں گزشتہ روز سماج وادی پارٹی کے ریاستی چیف جنرل سیکریٹری پرویز صدیقی کی قیادت میں ایک وفد نے مرحوم کفایت علی کے پیر برہان میں واقع مکان پہنچ کرکے ان کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور انہیں یہ احساس دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سماج وادی پارٹی ان کےساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر طرح سےمدد کےلئے تیار ہے۔ پرویز صدیقی نے کفایت علی کے بھائی صادق علی سے پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی موبائل فون پربات بھی کروائی۔ صادق علی نےواقعہ کی ساری تفصیلات بتائیں ۔ابو عاصم اعظمی نے ان سے کہا کہ کفایت علی کے ساتھ جوہوا ، وہ بہت افسوسناک ہے ۔کسی کے۔ساتھ بھی ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔اس معاملے کو وہ اسمبلی کے اجلاس میں ضرور اٹھائیں گے تاکہ ملزمین کو کڑی سےکڑی سزا ملے اورآئندہ کسی کےساتھ ایسا واقعہ پیش نہ آئے ۔ابو عاصم اعظمی نے کفایت علی کے گھروالوں کی ہر طرح سےمدد کرنے کابھی بھروسہ دلایا ہے۔
پرویز صدیقی نےکفایت علی کے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد میڈیا کو اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں پھیلائی جارہی نفرت کی وجہ سےہی مسلمانوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پیش آرہےہیں ۔ وفد میں قمرالایمان، سید ارشاد علی، کرامت اللہ خان ،شیخ احمد بھائی اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔