Inquilab Logo Happiest Places to Work

کم جونگ اُن کی ٹرین پیانگ یانگ سے ماسکو پہنچی

Updated: September 13, 2023, 11:01 AM IST | Agency | Moscow

شمالی کوریا کے سربراہ کی ٹرین اتوار کو پیانگ یانگ سے روانہ ہوئی تھی ، منگل کو سرحد پار کرکے روس میں داخل ہوئی۔

North Korean leader Kim Jong Un in Moscow. Photo: AP/PTI
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان ماسکو میں۔ تصویر: اےپی / پی ٹی آئی

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن پرائیوٹ ٹرین میں ماسکو پہنچے۔ آئندہ ان کی روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن جس نجی ٹرین پر سوار ہو کرپیانگ یانگ سے روانہ ہوئے تھے ، وہ منگل کو سرحد عبور کر کے روس میں داخل ہوئی۔ 
اس بارے میں کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے منگل کو بتایا کہ ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا (ڈی پی آر کے) کے سربراہ کم جونگ ان اتوار کو روس کے دورے پر روانہ ہو ئے تھے۔
روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگل کو کم جانگ ان اپنے ایک وفد کے ساتھ روس پہنچے جن میں ان کے وزیر دفاع، دو اعلیٰ جرنیل اور جنگی ساز و سامان کی صنعت کے شعبے کے ڈائریکٹر شامل ہیں ۔ خبر لکھے جانے تک روسی صدر ولادیمیر پوتن ’مشرقی اقتصادی فورم‘ کیلئے ولادی ووستوک میں ہیں اور وہ اس اجلاس سے خطاب کریں گے۔
کم جونگ اُن ایسٹرن اکنامک کانفرنس میں شرکت کرنے آئے ہیں ، روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر پوتن کی شمالی کوریا سربراہ سے ملاقات طے ہے۔ کریملن کے مطابق یہ ملاقات آئندہ دنوں میں ہوگی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ ملاقات کہاں ہو سکتی ہے؟
 ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات پر نظر رکھیں گے۔

 ٹرینوں سے سفر پرایک نظر 
شمالی کوریا کے بانی اورکم جونگ اُن کے دادا کم ایل سونگ۱۹۹۴ء میں اپنی موت تک ٹرین ہی سے بیرون ملک کا سفر کرتے تھے۔ کم جونگ اُن کے والد کم جونگ اِل بھی ٹرین ہی سے بیرون ملک جاتے تھے۔ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے۲۰۱۱ء سے کم جونگ اُن ٹرین سے سفر کررہےہیں ۔ ٹرین سے چین، ویتنام اور روس کا سفر کرچکےہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK