اس سال گنپتی کے تہوار سے شروع ہونے والی اس سروس میں مسافر اپنی کار ٹرین میں لاد کر سفر کرسکیں گے۔
EPAPER
Updated: June 27, 2025, 1:26 PM IST | Siraj Sheikh | Konkan
اس سال گنپتی کے تہوار سے شروع ہونے والی اس سروس میں مسافر اپنی کار ٹرین میں لاد کر سفر کرسکیں گے۔
اس سال گنپتی کے تہوار میں کوکن کے مسافروں کو ایک منفرد اور آسان متبادل مل سکتا ہے۔ کوکن ریلوے اب کاروں اور ایس یو وی جیسی نجی گاڑیوں کو ٹرین ویگن پر لے جانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، تاکہ لوگ اپنی گاڑیوں کیساتھ سفر کر سکیں اور سڑک کے طویل سفر اور ٹریفک سے بچ سکیں۔ اس منصوبہ کو فی الحال پائلٹ بنیادوں پر نافذکیا جائے گا۔ کوکن ریلوے کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سنتوش کمار جھا نے کہا ’’یہ ایک بہت اچھا پلان ہے اور ہم یقینی طور پر اسے آزمانا چاہتے ہیں۔ ہم ایک طویل عرصے سے ویگن پر ٹرکوں کو لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس میں ٹرک ڈرائیور عام ٹکٹ لے کر اپناسفر مکمل کرتے ہیں۔ اب اس سہولت میں نجی گاڑیوں کو شامل کرنا ممکن ہو گیا ہے، اسلئے فی الحال کچھ تکنیکی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ٹرکوں کی خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے، لیکن یہ مکمل طور پر ممکن ہے، اور ہم اسے گنپتی میں شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔
رو رو سروس کیاہے ؟
کوکن ریلوے کا يه منصوبہ اس سے پہلے کے کامیاب `رول آن رول آف (Ro-Ro) تجربہ پر مبنی ہے۔ اس سروس کے تحت، ٹرکوں کو براہ راست ویگن پر ایک ریمپ کے ذریعے لادا جاتا ہے جسے خاص طور پر ٹرک چلانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس عمل میں، لوڈنگ سے پہلے ٹرک کا وزن کیا جاتا ہے اور اسے اونچائی کے گیج سے گزارا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ گاڑی کی اونچائی زیادہ سے زیادہ حد ( ۳ء۴۲۵؍ ؍ میٹر)سے زیادہ نہ ہو۔
اس سروس کی خاص بات یہ ہے کہ ٹرک اور کار ڈرائیور اور کلینر اپنے ٹکٹ کے ساتھ ٹرک کے اندر سفر کرتے ہیں اور انہیں کسی اضافی انتظام کی ضرورت نہیں ہوتی۔ کوکن ریلوے اس موجودہ ڈھانچے میں ترمیم کرنے اور مسافر گاڑیوں کیلئے اسی طرح کی رورو سروس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سے نہ صرف مسافروں کو اپنی کاریں ساتھ لے جانے کی سہولت ملے گی بلکہ وہ ہائی وے پر بھاری ٹریفک اور طویل سفر کی تھکاوٹ سے بھی بچ سکیں گے۔ گنپتی کے دوران کوکن میں بہت زیادہ بھیڑ ہوتی ہے، ایسی صورت میں یہ پیش قدمی مسافروں کیلئے ایک محفوظ، آرام دہ اور وقت کی بچت کا متبادل بن سکتا ہے۔