Inquilab Logo Happiest Places to Work

فاتح چنئی کے سامنے کولکاتا کا سخت امتحان؛ پہلی کامیابی کے لیے کے کے آر بے چین

Updated: April 13, 2026, 7:02 PM IST | Chennai

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء میں پوائنٹس ٹیبل کی دو نچلے درجے کی ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ معرکہ متوقع ہے۔ پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز جو مسلسل تین شکستوں کے بعد جیت کی راہ پر واپس لوٹ آئی ہے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کولکاتا نائٹ رائڈرز کا سامنا کرے گی۔

CSK Players.Photo:X
چنئی سپرکنگز کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء میں کل منگل کے روز پوائنٹس ٹیبل کی دو نچلے درجے کی ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ معرکہ متوقع ہے۔ پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز جو مسلسل تین شکستوں کے بعد جیت کی راہ پر واپس لوٹ آئی ہے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کولکاتا نائٹ رائڈرز کا سامنا کرے گی۔ کے کے آر کو ٹورنامنٹ میں اب بھی اپنی پہلی جیت کا شدت سے انتظار ہے۔
چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم (چیپاک) میں یلو بریگیڈ  کے زبردست تعاون اور ہوم ایڈوانٹیج کی بدولت میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان ۳۱؍ میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے ۲۰؍ میں چنئی اور۱۱؍ میں کولکاتا نے کامیابی حاصل کی۔ اس میدان پر ہونے والے ۱۲؍ میچوں میں چنئی ۸؍میچ جیت کر  آگے ہے۔ اگرچہ ۲۰۱۲ء سے اب تک دونوں ٹیمیں ۳۔۳؍ کی برابری پر ہیں، لیکن موجودہ سیزن میں چنئی کی پوزیشن بہتر ہے۔چنئی نے اپنے پچھلے میچ میں دہلی کیپٹلز کو ۲۳؍ رنز سے شکست دے کر جیت کا کھاتہ کھولا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:جنید خان کی ’’ایک دن‘‘ کی ایڈوانس بکنگ ۳۹؍ دن پہلے شروع


 اوپنر سنجو سیمسن کی سنچری اور نوجوان آیوش مہاترے کی نصف سنچری نے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ تاہم کپتان رتوراج گائیکواڈ کی خراب فارم (گزشتہ اسکور: ۶, ۲۸, ۷, ۱۵) ٹیم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ ڈیوالڈ بریوس کی واپسی اور شیوم دوبے کی جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم مزید مستحکم ہوئی ہے۔جیمی اوورٹن (۴؍ وکٹیں) اور اپنا ڈیبیو کرنے والے گرجپ نیت سنگھ بولنگ کے ستون ثابت ہو رہے ہیں۔اجنکیا رہانے کی قیادت میں کے کے آر کی شروعات مایوس کن رہی ہے۔ چار میچوں میں سے تین میں شکست اور ایک میچ (پنجاب کنگز کے خلاف) بارش کی نذر ہونے کے باعث اسے صرف ایک پوائنٹ مل سکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: فیفا نے ایران کی میچز منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی


 کپتان رہانے، انگکرش رگھونشی اور فن ایلن کو اپنی اننگز کو بڑے اسکور میں بدلنا ہوگا۔ لکھنؤ کے خلاف پچھلے میچ میں مضبوط گرفت کے باوجود ویبھو اروڑہ کے آخری اوور میں مکیش چوہدری کی دھواں دھار بیٹنگ نے کے کے آر سے جیت چھین لی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ اب ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK