Inquilab Logo Happiest Places to Work

کویت میں حکومت نے پینے کے پانی کی حد مقرر کر دی

Updated: July 27, 2026, 10:00 AM IST | Kuwait City

ہر خریدار ایک رسید پر زیادہ سے زیادہ ۵؍ کارٹن پانی ہی خرید سکے گا،ضرورت سے زیادہ خریداری اور ذخیرہ اندوزی روکنا مقصد۔

Limited supply of bottled water will continue in Kuwaiti markets. Photo: INN
کویت کے مارکیٹس میں بھی پانی کی بوتلوں کی محدودسپلائی جاری رہے گی ۔ تصویر: آئی این این

کویت میں حکومت نے پینے کے پانی کی حد مقرر کر دی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق کویت کی وزارتِ سماجی امور نے کہا ہے کہ مرکزی مارکیٹس اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی شاخوں سے بوتل بند پانی کی خریداری پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی اور ہر خریدار ایک خریداری رسید پر زیادہ سے زیادہ ۵؍ کارٹن پانی ہی خرید سکے گا۔وزارت نے متنبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں بوتل بند پانی کی فروخت سے متعلق ضوابط میں نرمی نہیں برتی جائے گی اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو اس پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد خوف کے باعث ضرورت سے زیادہ خریداری اور غیر ضروری ذخیرہ اندوزی کو روکنا ہے، کیونکہ اس سے رسد پر بلاوجہ دباؤ پڑتا ہے اور فروخت کے مراکز پر غیر معمولی ہجوم پیدا ہوتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ۱۰۰؍دن، صدر ٹرمپ کو سخت سیاسی امتحان کا سامنا

وزارت نے واضح کیا کہ نہ تو بوتل بند پانی کی پیداوار کم ہوئی ہے نہ اس کی فراہمی میں کسی رکاوٹ کا سامنا ہے، پانی تیار کرنے والی فیکٹریاں بدستور بڑی مقدار میں پیداوار کر رہی ہیں، جب کہ بوتل بند پانی کی سپلائی بھی باقاعدگی سے مارکیٹوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق یہ پابندی احتیاطی نوعیت کی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خریداری کا رجحان منظم رہے، تمام صارفین پانی تک مساوی طور پر رسائی کر سکیں اور بوتل بند پانی کی دستیابی کا تسلسل برقرار رہے۔وزارت نے خبردار کیا کہ اس احکام کی کسی بھی خلاف ورزی یا عمل نہ کرنے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: ٹیکساس کا شہر کارپس کرسٹی شدید آبی بحران کی زد میں، ماہرین کا انتباہ

وزارت نے صارفین پر زور دیا کہ وہ صرف اپنی ضرورت کے مطابق پانی خریدیں، ذخیرہ اندوزی سے گریز کریںاور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے بھی اجتناب کریں تاکہ شہریوں  بلاوجہ تشویش پیدا نہ ہو۔

-وزارت نے واضح کیا کہ نہ تو بوتل بند پانی کی پیداوار کم ہوئی ہے نہ فراہمی میں کسی رکاوٹ کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK