Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھلے گا: لالو یادو

Updated: December 08, 2023, 12:57 PM IST | Javed Akhtar | Patna

آر جے ڈی سپریمو نے کہا: ۲۰۲۴ء میںمرکزمیں ’انڈیا ‘اتحاد کی حکومت بنے گی اور بی جے پی کا پورے ملک سے صفایا ہوگا۔

Lalu Prasad Yadav. Photo: INN
لالو پرساد یادو۔ تصویر : آئی این این

تین ریاستوں میں کانگریس کی شکست کےباوجود ’انڈیا ‘اتحاد میں شامل آرجے ڈی نے ۲۰۲۴ءکے عام انتخابات میں جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ آرجے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے جمعرات کو میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی بھلے ہی تین ریاستوں میں جیت ہوئی ہے لیکن ۲۰۲۴ءکے عام انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔ لالو پرساد نے دعویٰ کیا کہ عام انتخابات میں بہار میں بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھلے گااور اسے ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۲۴ءکے عام انتخابات میں ’انڈیا ‘کی جیت ہوگی اور مرکز میں بھی انڈیا کی حکومت بنے گی۔’ انڈیا‘ کی اگلی میٹنگ ۱۷؍و ۱۸؍دسمبر کونئی دہلی میں ہوگی ،جس میں اپوزیشن کے سبھی بڑے لیڈرعام انتخابات کے لئے مشترکہ لائحۂ عمل پر غور وفکر کریں گے اور حکمت عملی طے کریں گے۔ لالو یادو نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا ‘میں کسی طرح کا کوئی تنازع نہیں ہے۔ مرکز سے بی جے پی کی بے دخلی کے مقصد سے انڈیا اتحاد آگے بڑھ رہاہے۔
لالو یادو نے جمو ں کشمیر میں خراب حالات کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ابھی بھی وہاں دہشت گردانہ حملے ہورہے ہیں اور حالات پہلے سے بھی زیادہ خراب ہیں ۔ دراصل بدھ کو لوک سبھا میں جموں کشمیر ترمیمی بل ۲۰۲۳ء اور جموں وکشمیر ری آرگنائزیشن ترمیمی بل ۲۰۲۳ء پر بحث کے دوران امیت شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ دفعہ ۳۷۰؍ختم ہونے کے بعد وہاں علیحدگی پسندی ختم ہوگئی ہے اور دہشت گردی میں بھی بہت کمی آئی ہے۔ امیت شاہ کے اس دعوے پر لالو یادو نے انہیں سخت نشانہ بنایا اور کہا کہ امیت شاہ کومسئلہ کشمیر کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور جموں کشمیر میں ابھی جو حملے ہورہے ہیں ان سب کے لئے امیت شاہ اور مودی سرکار کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ لالو یادو سے ’انڈیا ‘اتحاد کی میٹنگ کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ۱۷ ؍ اور ۱۸؍ دسمبر کو انڈیا اتحاد کی اگلی میٹنگ ہوگی ، جس میں اپوزیشن کی سبھی پارٹیوں کے بڑے لیڈر شامل ہوں گے اورعام انتخابات میں بی جے پی کی شکست کے لئے مشترکہ لائحۂ عمل پر غور و فکر کریں گے ۔ لالو پرسادیادو نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے ہم سب نے اپنی اپنی سطح پر تیاریاں کر لی ہیں۔ ہم سبھی لوگ مل کر مودی سرکار کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK