لبنان کی جنگ بندی کے بعد پہلی بار حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر حملہ کیا، حزب اللہ نے اسرائیل کی جانب متعدد راکٹ داغے اس کے علاوہ ایک ڈرون بھی روانہ کیا۔
EPAPER
Updated: April 22, 2026, 10:17 PM IST | Beirut
لبنان کی جنگ بندی کے بعد پہلی بار حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر حملہ کیا، حزب اللہ نے اسرائیل کی جانب متعدد راکٹ داغے اس کے علاوہ ایک ڈرون بھی روانہ کیا۔
اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا کہ حزب اللہ نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوب میں اسرائیلی فوجیوں پر کئی راکٹ داغے اور اسرائیل کی طرف ایک ڈرون بھی روانہ کیا۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب حزب اللہ نے اسرائیل اور جنوبی لبنان میں اس کے زیر قبضہ علاقے پر حملہ کیا ہے، جبکہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان دس روزہ نازک جنگ بندی جمعہ کو نافذ ہوئی تھی۔ یہ جنگ بندی اسرائیل کی شدید بمباری اور جنوبی لبنان میں زمینی کارروائی کے چھ ہفتوں بعد ہوئی، جسے اقوام متحدہ نے جنگی جرائم قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: پولینڈ قانون ساز نے پارلیمانی رکنیت ختم کرنے کا اسرائیلی مطالبہ مسترد کردیا
دریں اثناءجنگ بندی کے باوجود، اسرائیل نے جنوبی لبنان میں گھروں کا انہدام جاری رکھا ہے تاکہ وہ اپنے بقول ’’ پیشگی دفاعی لائن‘‘ قائم کر سکے، جبکہ وہ اپنے گھروں کو لوٹنے کی کوشش کرنے والوں پر توپ خانے سے فائرنگ بھی کرتا ہے اور جنوبی لبنان میں کبھی کبھار حملے بھی کرتا ہے۔جنگ بندی کی شرائط کے تحت، اسرائیل جنوبی لبنان کے ان علاقوں میں موجود ہے جہاں اس نے جنگ کے دوران حملہ کیا تھا۔بعد ازاں اتوار کو اسرائیل کی فوج نے ایک نقشہ جاری کیا جسے اس نے ’’ پیشگی دفاعی لائن‘‘ کا نام دیا، جو ایک ایسا علاقہ ہے جس پر اس کا قبضہ ہے جو جنوبی لبنان میں تقریباً ۱۰؍ کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے اور اس میں درجنوں گاؤں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے کہا کہ راکٹ راب الثلاثین علاقے میں تعینات فوجیوں کی طرف داغے گئے، جو دفاعی لائن کے اندر ہے۔جبکہ چند منٹوں میں، اسرائیلی افواج نے حملے میں استعمال ہونے والے لانچر کو نشانہ بنایا۔دوسری جانب ، فوج نے کہا کہ کفار یوول اور معیان باروخ کی سرحدی علاقوں میں بجنے والے سائرن لبنان سے بھیجے گئے ایک ڈرون کی وجہ سے بجے،تاہم ان کے سابقہ اندازے کو رد کردیا کہ یہ غلط الارم تھے۔ حالانکہ اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون کو اسرائیلی سرزمین میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرایا گیا، تاہم ان واقعات کو جنگ بندی معاہدے کی واضح خلاف ورزیاں قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: معروف این بی اے کھلاڑی کیری ارونگ نے پروفائل پر فلسطینی بچے کی تصویر لگائی
اس کے علاوہ لیگل ایجنڈا کی ایک رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے۱۷؍ سے۱۹؍ اپریل کے درمیان لبنان میں جنگ بندی کی۲۲۰؍ خلاف ورزیاں کیں، جس میں تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے، جن میں چارطبی کارکن شامل تھے۔رپورٹ میں لبنانی نیشنل سینٹر فار سائنٹیفک ریسرچ اور نیشنل سینٹر فار نیچرل ہیضارڈز اینڈ ارلی وارننگ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان خلاف ورزیوں میں فضائی حملے، دھماکے اورشہری نظام کی تباہی، توپ خانے کی فائرنگ، مشین گن فائر، اور فوجی و جاسوسی طیاروں کی پروازیں (بشمول بیروت کے اوپر) شامل تھیں۔
ذہن نشین رہے کہ لبنان اس علاقائی تنازعے میں اس وقت شامل ہوا جب ا مریکی حمایت یافتہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای شہید ہو گئے۔جس کے بعد ا یران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے۲؍ مارچ کو لبنانی سرزمین سے اسرائیل پر میزائل داغنا شروع کیے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق، دوبارہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں۲۳۰۰؍ سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔