Inquilab Logo Happiest Places to Work

لبنان میں سوگ کا اعلان، اسرائیلی حملوں میں ۲۵۰ سے زائد افراد ہلاک، یو این نے شہری ہلاکتوں کی مذمت کی

Updated: April 09, 2026, 7:05 PM IST | Beirut/New York

اقوام متحدہ کے سربراہ نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت، ہر حال میں عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ غطریس نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ سفارتی ذرائع کی طرف واپس آئیں۔

A scene of destruction in Lebanon amid Israeli strikes. Photo: X
اسرائیلی حملوں کے درمیان لبنان میں تباہی کا منظر۔ تصویر: ایکس

امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بعد، لبنان میں اسرائیلی حملوں میں شدت آگئی ہے۔ لبنانی حکومت نے اسرائیل کے شدید فضائی حملوں میں ۱۱۶۵ افراد کے زخمی ہونے اور کم از کم ۲۵۴ ہلاکتوں کی اطلاع دی اور ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

لبنانی سول ڈیفنس کے مطابق، بعلبک، نبطیہ، صیدا اور صور سمیت متعدد علاقوں سے جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں پورے ملک کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ رہائشی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسپین کا مطالبہ: لبنان حملوں پر اسرائیل سے یورپی معاہدہ معطل کیا جائے

لبنان نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی

لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ جنگ بندی کی جاری کوششوں کے باوجود ”گنجان آباد رہائشی علاقوں“ پر حملے کر رہا ہے۔ لبنانی ایوانِ صدر نے بیان دیا کہ نومبر ۲۰۲۴ء کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیاں ہوئی ہیں اور حالیہ حملے بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں۔

حکام نے ان حملوں کو ”انسانی اقدار کی پامالی“ قرار دیتے ہوئے جانی نقصان اور وسیع تباہی کی طرف اشارہ کیا۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق، ۲ مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک ۱۷۳۹ سے زائد افراد ہلاک اور ۵۸۷۳ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب، اسرائیلی چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے کہا کہ فوجی کارروائیاں ”کسی تعطل کے بغیر“ جاری رہیں گی۔ اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے بیان دیا کہ اس نے بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں ۱۰ منٹ کے اندر ۱۰۰ سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھئے: اردگان اور ٹرمپ کی فون پر بات چیت، کہا جنگ بندی کو سبوتاژ کیا جاسکتا ہے

اقوامِ متحدہ کا شہری ہلاکتوں پر اظہارِ تشویش

اقوامِ متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہری ہلاکتوں کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ۸ اپریل کے حملوں کے نتیجے میں بچوں سمیت سیکڑوں افراد زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں اور سویلین انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ غطریس نے لبنانی عوام سے تعزیت کی اور دشمنی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل فوجی سرگرمیاں خطے میں امن کی نازک کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایران کا امریکہ کو انتباہ: جنگ بندی یا جنگ، ایک منتخب کریں

غطریس کی جنگ بندی اور سفارت کاری کی اپیل

یو این کے سربراہ نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کا ہر صورت تحفظ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ غطریس نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ سفارتی ذرائع کی طرف واپس آئیں۔ انہوں نے یو این کی سلامتی کونسل کی قرارداد ۱۷۰۱ کے مکمل نفاذ کا بھی مطالبہ کیا، جس کا مقصد لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر استحکام برقرار رکھنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK