بھائندر مشرق کے رہائشی علاقے میں گزشتہ سال دسمبر میں پکڑا گیا تیندوا تھانے کے جنگل میں مردہ پایا گیا۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔تیندوے کو ۱۹؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو بھائندر کی ایک عمارت سے پکڑکر ۲۵؍دسمبر کو تھانے کے ییور جنگل کی حدود میں واقع ناگلا میں چھوڑا گیا تھا۔
بھائندر میں پکڑا گیا تیندوا ۔تصویر:آئی این این
بھائندر مشرق کے رہائشی علاقے میں گزشتہ سال دسمبر میں پکڑا گیا تیندوا تھانے کے جنگل میں مردہ پایا گیا۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔تیندوے کو ۱۹؍ دسمبر۲۰۲۵ء کو بھائندر کی ایک عمارت سے پکڑکر ۲۵؍دسمبر کو تھانے کے ییور جنگل کی حدود میں واقع ناگلا میں چھوڑا گیا تھا۔ اس سے پہلے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے سیٹیلائٹ سے منسلک کالر لگایا گیا تھا۔ یہ جنگل میں اپنے ابتدائی ہفتوں کے دوران صحت مند اور چست دکھائی دیاتھا۔۲۵؍ سے۳۰؍ دسمبر تک ساسوناوگھر سیکٹر میں اسے حرکت کرتے دیکھا گیا۔ محکمہ جنگلات کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ۳۱؍ دسمبر کو اسے ایک غار کے قریب ایک کتے کا شکار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ۵؍جنوری کو ناگلا ٹریل پر کیمرہ ٹریپس نے تیندوے کی تصویر اتاری تھی جس میں وہ صحتمند حالت میں تھا۔تاہم ۲؍ فروری کو ناگلا کے ریزرو جنگل میں وہ مردہ پایا گیا ۔اس کے جسم پر ایسی کوئی علامت نہیں پائی گئی جس سے یہ شبہ ہوتا ہو کہ اس کا شکار کیا گیا ہے۔ مردہ تیندوے کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہےاور اس کی موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فیشن برانڈ ’زارا‘ پرانتہا پسند اسرائیلی وزیر کو انتخابی امدادی فنڈ دینے کا الزام
محکمہ جنگلات کی آمدنی میں کمی کااندیشہ
ریاستی وزیر آشیش جیسوال نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ جنگلات کے گیسٹ ہاؤسز میں شراب نوشی پرعائد پابندی برقرار رکھی جائے، تاہم نان ویج کھانوں پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کی جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر جنگلات گنیش نائک کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔اپنے خط میں آشیش جیسوال نے کہا کہ ریاست میں واقع جنگلاتی حیات کے محفوظ علاقے اور ٹائیگر ریزروز بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں لیکن محکمہ جنگلات کے زیرانتظام سرکاری گیسٹ ہاؤسز میں شراب اور نان ویج کھانوں پر پابندی کے باعث بیشتر سیاح نجی ہوٹلوں اور ریسورٹ میں قیام کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں محکمہ جنگلات کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے، یہاں تک کہ عملے کی تنخواہوں پر ہونے والے اخراجات بھی پوری طرح وصول نہیں ہو پا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:پاکستان یوٹرن لے گا : سابق کرکٹروں کادعویٰ
دوسری جانب محکمہ جنگلات کے اعلیٰ عہدیداروں نے نان ویج کھانوں پر سے پابندی اٹھانے کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسی اجازت ملنے سے وی آئی پی افراد کی آمد میں اضافہ ہوگا جس کے باعث عملے کو اصل ذمہ داریوں کے بجائے مہمان نوازی میں زیادہ وقت صرف کرنا پڑے گا۔ افسران نے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا کہ سیاحوں کی بڑھتی آمد جنگلاتی حیات کے تحفظ کی کوششوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔