ناندیڑ میں مولانا حذیفہ وستانوی کا خطاب، اختلافات کو ہوا نہ دینے کی تلقین ، موبائل کا درست استعمال کرنے کی نصیحت
ناندیڑ میں مولانا حذیفہ وستانوی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تصویر:آئی این این
جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کواکے مہتمم و ممتاز عالم دین مولانا حذیفہ غلام محمد وستانوی جمعرات کو ناندیڑ پہنچے۔ اس موقع پر رابطہ مدارس تنظیم کی جانب سے شہر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اسی سلسلے میں مسجد وزیرآباد میں خطبۂ جمعہ کے دوران مولانا نے نہایت پُرسوز اور بصیرت افروز بیان فرمایا۔
مولانا نے کہا کہ ملت میں کام کرنے والی تمام جماعتیں اور طبقات اپنی اپنی جگہ دین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کا احترام کریں اور کسی کو غلط ثابت کرنے یا اپنے آپ کو ہی حق پر سمجھنے کی کوشش نہ کریں۔ ایسی سوچ ملت میں اختلافات اور انتشار پیدا کرتی ہے، جبکہ تمام جماعتوں کے کاموں سے اسلام کو قوت اور استحکام مل رہا ہے۔ مولانا نے زور دے کر کہا کہ اختلافات کو مٹا کر اتحاد اور باہمی محبت کو فروغ دینے ہی میں کامیابی ہے۔مولانا حذیفہ وستانوی نے اپنے بیان میں خاص طور پر موبائل فون کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال کی طرف بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے فرمایا کہ موبائل اگرچہ ایک اہم ضرورت بن چکا ہے مگر اسی کے ذریعہ برائیاں بھی تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ ان برائیوںسے دور رہنا ضروری ہے۔