Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر اور اطراف کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں اضافہ

Updated: May 25, 2026, 1:06 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ممبئی کے علاوہ میرا بھائندر، باندرہ، کھار، ماہم، میرا روڈ،امبرناتھ اور شہر کے دیگر حصوں میں موسم باراں نے دستک دی ۔ہفتے کےآخر میں مزید بارش کی پیش گوئی۔

Rain.Photo:INN
بارش۔ تصویر:آئی این این
۱۰؍ سے ۱۵؍ دن قبل محکمہ موسمیات نے پری مانسون کی آمد کی پیش گوئی کی تھی تاہم اتوار کو صبح ۵؍  سے۷؍ بجے کے درمیان شہر اور مضافات کے علاوہ اطراف کے کئی علاقو ںمیں ہلکی بوندا باندی کی شکل میں موسم باراں نے دستک دی ہے ۔ اس بارش نے شہریوں کو بجائے راحت دینے کے گرمی کی شدت سے مزید پریشان کر دیا ہے ۔
 
 
واضح  رہےکہ گزشتہ کل یعنی سنیچرکوشہرکادرجہ حرارت ۳۴ء۲۸؍  ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ تاہم اتوار کوبھی شہر کے الگ الگ حصوں میں ہونے والی معمولی بوندا باندی کے بعد بھی شہر کا درجہ حرارت ۳۴ء۲۸؍ ہی ریکارڈ کیا گیا لیکن ہلکی بارش کے سبب شہریوں نے نہ صرف دھوپ میں مزید تمازت اور گرمی محسوس کی بلکہ ہلکی بارش کے سبب گرمی سے مزید پریشان بھی ہوئے ہیں ۔تاہم محکمہ موسمیات نے عروس البلاد ممبئی اور ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن میں آئندہ ایک ہفتہ کے درمیان مزید بارش ہونے کے امکانات ظاہر کئے ہیں ۔ ساتھ ہی گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ساتھ اچانک درجہ حرارت کے بڑھنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے ۔
 
 
اتوار کو صبح ۵؍ سے ۷؍ بجے کے درمیان شہر کے الگ الگ حصوں میں مطلع آبر آلود ہوا تھا اور شہر کے کئی حصوں میں ہلکی بارش ہوئی ۔ جن علاقوں میں موسم باراں نے ہلکی پھواروں کے ساتھ دستک دی ہے ان میں عروس البلاد ممبئی کے قلابہ ، کف پریڈ ، بائیکلہ، پریل ،دادر ، باندرہ ،کھار ، ماہم ، میرا روڈ، بھائندر، تھانے ، کلیان اور امبرناتھ شامل ہیں۔صبح کے وقت ہونے والی اس بوندا باندی سے شہریوں نے کچھ دیر کے لئے راحت کی سانس لی تھی لیکن دو پہر ۱۲؍ بجے کے بعد درجہ حرارت بڑھتا چلا گیا اور شہریوں نے نہ صرف گرمی میں مزید شدت محسوس کی بلکہ سفر کرتے وقت پریشان بھی ہوئے ۔محکمہ موسمیات نے ممبئی اور ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن میں جس میں تھانے اور نوی ممبئی شامل ہیں، پیر کو بھی صبح کے وقت بادلوں کے آبر آلود ہونے اور ہلکی بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے آخر میں اور جون کے پہلے ہفتہ میں باقاعدہ موسم باراں کی آمد کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ساتھ ہی آنے والے دنوں میں شہر کا درجہ حرارت ۲۸؍ سے ۳۷؍ ڈگری تک رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں ہونے والی ہلکی بوندا باندی کے سبب ہوا کا معیار بہتر ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے ۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK