Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ہُرون انڈیا‘ کی ۲۰۰؍ کامیاب کاروباریوں کی فہرست جاری

Updated: December 01, 2023, 10:01 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ان افراد نے ۲۰۰۰ء میں نئے طریقہ کی تجارت شروع کرکے پوری دنیا میں نام کمایا۔

Launch of the book titled `India`s Top 200 Self-Made Entrepreneurs of the Millennium 2023`. Photo: INN
’انڈیاز ٹاپ ۲۰۰؍ سیلف-میڈ انٹرپرینرس آف دی میلینیا ۲۰۲۳ء‘ نامی کتاب کے اجراء کا منظر۔ تصویر : آئی این این

آئی ڈی ایف سی بینک نے’ہُرون انڈیا‘ کے اشتراک سے ایسے ۲۰۰؍ کاروباریوں کی فہرست جاری کی ہے جن کا تعلق کسی رئیس گھرانے سے نہیں ہے اور انہوں نے ۲۰۰۰ء کے بعد نئے طریقہ کی تجارت شروع کی اور آج ملک کی کامیاب ترین کمپنیوں کے مالکان میں ان کا شمار ہوتا ہے ۔ اس میں ڈی مارٹ کے ۶۸؍ سالہ بانی رادھا کرشنن دمانی سر فہرست ہیں۔ تاہم  ۲۰۰؍ افراد کی فہرست میں بہت کم مسلم نام نظر آئے۔
اس فہرست میں ۱۳؍ ویں نمبر پر شیئرچیٹ کمپنی کا نام درج ہے جس کے بانیوں میں فرید احسان کے ساتھ انکش سچدیو اور بھانو پرتاپ سنگھ شامل ہیں لیکن ۱۰؍ فروری ۲۰۲۲ء سے احسان نے اس کمپنی میں فعال کردار ادا کرنا بند کردیا تھا۔ اس کے بعد ۱۲۵؍ویں نمبر پر ’ٹوین ہیلتھ‘ کمپنی کا نام آتا ہے جس کے بانی جہانگیر محمد اور ملک محمد ہیں۔ جہانگیر محمد نئی نئی چیزیں ایجاد کرنے میں ماہر ہیں اور انہوں نے ۸۰؍ سے زائد نئی ایجادات ’پیٹنٹ‘ کر رکھی ہیں۔ ٹوین ہیلتھ موذی بیماریوں اور خصوصاً ذیابیطس کے علاج میں ٹکنالوجی کی مدد سے لوگوں کو صحت یاب کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ۴۲؍ویں نمبر پر ’ایف وائی این ڈی‘ کا نام درج ہے جس کے بانیوں میں فاروق آدم مقادم کے ساتھ ہرش شاہ اور سری رمن موہن گریجا کا نام شامل ہے۔ یہ کمپنی مختلف اشیاء آن لائن فروخت کرتی ہے۔
 ’ہرون انڈیا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ریسرچر انس رحمان جنید نے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی ) میں واقع جیوکنونشن سینٹر ہال میںاس فہرست کی کتاب ’انڈیاز ٹاپ ۲۰۰؍ سیلف-میڈ انٹرپرینرس آف دی میلین یا ۲۰۲۳ء‘ کے اجراء کے وقت بتایا کہ ۲۰۰؍ افراد کی اس فہرست میں ایک تہائی افراد کی عمر ۴۰؍ برس سے کم ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر ۸۰؍ سال ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس فہرست میں شامل زیادہ تر کمپنیوں کے بانیوں نے اپنی کمپنی شروع کرنے کیلئے بنگلورو کو ترجیح دی ہے  اور یہ بات ’ہرون انڈیا‘ کے ملک کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل لوگوں کی پسند سے بالکل برعکس ہے کیونکہ اُن لوگوں نے بنگلورو پر ممبئی اور دہلی کو ترجیح دی تھی۔
 آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کے ’ویلتھ مینجمنٹ اور پرائیویٹ بینکنگ‘ کے سربراہ وکاس شرما نے اس موقع پر کہا کہ جن افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے ،ان کی کہانی آئی ڈی ایف سی بینک سے مماثلت رکھتی ہے کیونکہ یہ بینک بھی پہلا  نجی بینک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ فہرست اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں بہت قابل اور ہنرمند افراد موجود ہیں جو ہندوستان کے کاروبار کے سسٹم کو نئی اونچائیوں پر لے جارہے ہیں۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ تمام افراد اپنے گھرانوں کے پہلے کروڑ پتی ہیں۔ اس فہرست میں ۱۰؍ سر فہرست کمپنیوں میں ڈی مارٹ، فلپ کارٹ، زومیٹو، ڈریم ایلیون، پے ٹی ایم، میکس ہیلتھ کیئر، ریزرپے، سویگی، کریڈ اور زیرودھا شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK