• Mon, 12 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھاٹکوپر میں مقامی افراد نے الیکشن کےبائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا

Updated: January 12, 2026, 4:35 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

گھاٹ کوپر کے چراغ نگر میں رہنے والے ۹۲۰؍ خاندانوں نے ’انا بھائو ساٹھے میموریل‘ کی تعمیر کے نام پر ان کے گھر چھینے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا لیکن اب ان افراد نے حق رائے دہی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ بھی واضح کیا ہے کہ انہیں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے زبانی اعلان پر یقین نہیں ہے ،اس لئے حکومت اس تعلق سے ’جی آر‘ (گورنمنٹ ریزولوشن) جاری کرے۔

A similar protest was held in the past few days. Picture: INN
گزشتہ دنوں کچھ اس طرح احتجا ج کیا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این
گھاٹ کوپر کے چراغ نگر میں رہنے والے ۹۲۰؍ خاندانوں نے ’انا بھائو ساٹھے میموریل‘ کی تعمیر کے نام پر ان کے گھر چھینے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا لیکن اب ان افراد نے حق رائے دہی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے تاہم یہ بھی واضح کیا ہے کہ انہیں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے زبانی اعلان پر یقین نہیں ہے ،اس لئے حکومت اس تعلق سے ’جی آر‘ (گورنمنٹ ریزولوشن) جاری کرے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے گھاٹ کوپر کے امرت نگر میں ایک انتخابی ریلی میں عوام سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ انا بھائو ساٹھے کی یادگار تعمیر کرنے کے پروجیکٹ کی وجہ سے جن افراد کے مکانات منہدم کئے جائیں گے، انہیں اسی علاقے میں متبادل گھر دیئے جائیں گے۔
اس تعلق سے ایک مقامی شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’’سیاسی لیڈران کے الیکشن سے قبل ’جملے‘ ہوتے ہیں۔ ہمیں کسی کے بھی زبانی وعدے پر بھروسہ نہیں ہے پھر چاہے وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ نے ہی کیوں نہ کیا ہو؟ اسی پارٹی نے ماضی میں ۱۵؍ لاکھ روپے دینے کا بھی وعدہ کیا تھا جو کبھی وفا نہیں ہوا اس لئے ہم سمجھتے ہیںکہ یہ سب الیکشن میں رائے دہندگان کو رجھانے کا طریقہ ہے حقیقت اس کے برعکس ہوسکتی ہے۔‘‘
ایک دیگر مقامی شخص محسن شیخ نے کہا کہ ’’اس تعلق سے ہماری کمیٹی اور مقامی افراد سے بات چیت ہوئی ہے اور ہر شخص کا یہی کہنا ہے کہ جب تک ہمیں تحریری یقین دہانی نہیں کرائی جاتی یا اس کا ’جی آر‘ جاری نہیں ہوتا تب تک ہمیں ان وعدوں پر یقین نہیں آئے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کئی افراد سے بات چیت ہوئی ہے اور سب کا یہی کہنا ہے کہ اب الیکشن کا بائیکاٹ تو نہیں کیا جائے گا لیکن وہ کسی کی باتوں میں آکر ووٹ نہیں دیں گے۔ تحریری یقین دہانی کے بغیر ہر شخص اپنے حساب سے جسے مناسب سمجھے ووٹ دے گا کسی پارٹی یا کسی امیدوار کو اس تعلق سے زبانی وعدے پر ووٹ نہیں دیا جائے گا۔یاد رہے کہ اسی ماہ کی ابتداء میں گھاٹ کوپر کے چراغ نگر میں رہنے والے ۹۲۰؍ خاندانوں نے بی ایم سی الیکشن میں ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK