Inquilab Logo

لاک ڈائون میں مکینوں کیلئے بائیکلہ کے نوجوانوں نےعارضی محلہ کلینک شروع کیا

Updated: May 21, 2020, 9:43 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

نجی دواخانے بند ہونے کے سبب انہوں نے اپنی کالونی کے ڈاکٹروں کی مدد سے عارضی دواخانہ قائم کیاہے ۔ ۴۰۰؍فیملی کو مفت دوا دی جارہی ہے

Byculla Clinic - Pic : Inquilab
محلہ کلینک میں عام بیماری کے مریضوں کو دیکھا جاسکتا ہے ۔ تصویر: انقلاب

کووڈ- ۱۹؍ کے خوف اور لاک ڈائون کے سبب شہر ومضافات کے مختلف علاقوں کےنجی ڈاکٹروں نے سرکارکی تنبیہ کے باوجود ابھی تک اپنے دواخانے نہیں کھولے ہیں جس سے سردی ،کھانسی ، بخار اور وائرل انفیکشن کے مریضوں کے علاج میں دشواری ہورہی ہے۔ متعدد  دواخانے بندہونے سے ان ڈاکٹروں کے کلینک پر زیادہ بھیڑ ہورہی ہے جنہوں نے ایسے حالات میں بھی اپنی خدمات جاری رکھی ہیں۔ لوگوںکی اس پریشانی کے پیش نظر بائیکلہ ، ہنس روڈ پر واقع ٹرانزٹ کیمپ (ٹینامنٹ کمپائونڈ )  کے نوجوانوں نے اپنی کالونی میں عارضی محلہ کلینک قائم کیاہے جس سے اس کالونی کی ۴۰۰؍ فیملی کو مفت دوا فراہم کی جارہی ہے ۔ اس محلہ کلینک سے سیکڑوں افراد استفادہ کررہےہیں ۔
  مذکورہ کلینک کیلئے بنائی گئی کور کمیٹی کے رکن محمد منور نے بتایا’’ کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے ہمارے علاقے کے متعدد ڈاکٹروںنے اپنے کلینک بند رکھے ہیں جس سے لوگوں کوعام بیماریوں کے علاج میں دشواریاںآرہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ہماری کالونی میں بھی کووڈ- ۱۹ ؍کےکیس سامنے آنے سے کالونی کوکنٹینمنٹ کردیاگیاہے۔ ایسے میں کالونی کےکچھ نوجوانوں نے ایک دن سوچا  کیوں نہ کالونی میں ہی کچھ ڈاکٹروںکی مدد سے کلینک شروع کیا جائے تاکہ کالونی کے ہزاروں افرادکو علاج کیلئے پریشان نہ ہونا پڑے ۔ یہ سوچ کر ہم نے کالونی میں رہنےوالے کچھ ڈاکٹروں سے صلاح و مشورہ کیا۔انہوںنے ہماری حوصلہ افزائی کی اور اپنی خدمات پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی جس  کے بعد ہم نے دوا خریدنےاور کلینک قائم کرنےکیلئے فنڈ جمع کیا۔ اس طرح ہماری اس مہم کا آغازہوا جو کامیابی سے جاری ہے اور ہزاروں افراد اب تک اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید بتایاکہ ’’ ہم ۲؍وقت کلینک چلا رہےہیں ۔ دوپہر میں ۲؍بجے سے ۳؍بجے تک ایک ڈاکٹر اور رات کو ساڑھے ۸ ؍بجے  سے ۱۱؍بجے تک دوسرا ڈاکٹر اپنی خدمات پیش کررہا ہے۔ اس کلینک سے کالونی کے سیکڑوں افراد کو راحت ملی ہے۔ہم نے ڈاکٹروں کے مشورے پر دوائیں خرید کر ان کے حوالے کردی ہیں۔ ڈاکٹر مریضوں کی جانچ کے بعد دوا دے رہے ہیں۔ گزشتہ ایک مہینے سے یہ کلینک جاری ہے اور کمپائونڈ کے مکین اس سے فائدہ اُٹھا رہےہیں۔‘‘
 محلہ کلینک میں جو ڈاکٹرمفت خدمات پیش کررہےہیں،  ان میں ڈاکٹر اویس انصاری،ڈاکٹر مقصود انصاری،ڈاکٹر مقتدیر خان اور ڈاکٹر نسرین شامل ہیں۔ کور کمیٹی میں آصف غنی، عبدالعزیز، افسراحمد، رشید اور محمد صدیق بھی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK