Inquilab Logo

پہلے ۵؍ مرحلوں میں ہی۳؍ سو سیٹیں جیتنے کا دعویٰ

Updated: May 22, 2024, 9:13 AM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال نے کہا کہ انڈیا اتحاد ۴؍ جون کے بعد ۳۰۰؍ سے زیادہ سیٹوں کیساتھ سرکار بنائے گا،وزیر داخلہ امیت شاہ نےاس کے برعکس دعویٰ کیا کہ این ڈی اے کو ۳۰۱؍ سیٹیں مل چکی ہیں ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’پاپ کی لنکا کا زوال قریب ہے‘‘، کھر گے کے مطابق اب اگر بی جے پی حکومت میں آئی تو معیشت تباہ ہو جائیگی۔

Arvind Kejriwal. Photo: PTI
اروند کیجریوال۔ تصویر : پی ٹی آئی

لوک سبھا انتخابات کے ۵؍ مرحلے مکمل ہو گئے ہیں۔ اس دوران پولنگ امید سے کم ہوئی ہے اپوزیشن اتحاد انڈیا کو یقین ہے کہ اسے ان ۵؍ مرحلوں میں ہی ۳؍سو سے زائد سیٹیں مل گئی ہیں۔ دوسری طرف وزیر داخلہ امیت شاہ بھی یہی دعویٰ کررہے ہیں کہ پہلے ۵؍ مرحلوں میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کو ۳۰۱؍ سیٹیں مل چکی ہیں۔ واضح رہے کہ پولنگ کے ابھی ۲؍ مرحلے باقی ہیں جو ۲۵؍ مئی اور یکم جون کو مکمل ہوں گے جبکہ ۴؍ جون کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔  
کیجریوال کا دعویٰ 
 دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جو بی جے پی پر مسلسل حملے کر رہے ہیں، نے ایک پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا کہ اگر انڈیا کو بچانا ہے تو انڈیا الائنس کو جتانا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ انتخابات کا پانچواں مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ جیسے جیسے انتخابات ہو رہے ہیں یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ ۴؍جون کو مودی سرکار جا رہی ہے اور انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ کچھ لوگوں نے سروے کرائے ہیں اور جو نتائج سامنے آ رہے ہیں ان سے صاف ہے کہ انڈیا اتحاد کو اپنے طور پر ۳۰۰؍سے زیادہ سیٹیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں مرحلے میں ہی یہ واضح ہو گیا ہے کہ انڈیا اتحاد پوری طاقت اور مکمل اکثریت سے بھی زیادہ سیٹیں حاصل کرکے حکومت بنانے جارہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: میانمار: فوج اور مسلح باغیوں کے مابین جنگ سے روہنگیا مسلمانوں کی جانوں کو خطرہ

کھرگے کا بیان 
 کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم مودی پر جھوٹ پھیلانے کی سیاست کا الز ام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول کر اقتدار میں آئے ہیں اور گزشتہ۱۰؍برسوں سے ملک کے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کانگریس صدر نےکہا کہ اب لوگ وزیراعظم کے جھوٹ سے تنگ آچکے ہیں اسی لئے بی جے پی سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک ہوئے انتخابات میں بی جے پی کی یقینی شکست دیکھ کر نریندرمودی گھبرا گئے ہیں اور الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں۔ وہ اب جو دعوے کر رہے ہیں وہ بچکانہ ہیں، ان کی تقاریر کام نہیں کر رہی ہیں کیونکہ ہندوستان کے لوگوں کو حقیقت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ اسی لئے ہم کہہ رہے ہیں کہ انڈیا اتحاد اگلی حکومت بنائے گا۔ کانگریس صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی لڑائی مودی سے نہیں بلکہ آر ایس ایس کے نظریے سے ہے جس نے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔ کھرگے نے کہا کہ اگر انہیں دوبارہ موقع مل گیا تو یہ ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ 
راہل گاندھی کا ٹویٹ 
  راہل گاندھی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب وزیر اعظم خود کو شہنشاہ اور درباری انہیں بھگوان سمجھنے لگیں تو مطلب صاف ہے کہ پاپ کی لنکا کا زوال قریب ہے۔ ‘‘ راہل گاندھی نے تکبر کو تباہی کی ایک بڑی وجہ بتایا اور کہا کہ کروڑوں لوگوں کے عقیدہ کو چوٹ پہنچانے کا حق مٹھی بھر بی جے پی کے لوگوں کو آخر کس نے دیا؟ یہ تکبر ہی ان کی تباہی کی وجہ بن رہا ہے۔ 
امیت شاہ کا دعویٰ 
 وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی اس دوران یہ دعویٰ کردیا کہ این ڈی اے کو پانچویں مرحلے تک ۳۰۱؍ سیٹیں مل گئی ہیں اور اگلے ۲؍ مرحلوں میں ان کا اتحاد ۴۰۰؍کے پار سیٹیں جیت لے گا۔ انہوں نے ادیشہ کے سمبل پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں مرحلے کے بعد بی جے پی اتحاد کو ۳۰۱؍ سے ۳۱۰ ؍سیٹیں مل گئی ہیں۔ باقی ۲؍ مرحلوں میں بھی ہمیں زیادہ سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK