Updated: November 26, 2026, 4:02 PM IST
| London
مشرقی لندن کے ایک پرائمری اسکول میں فلسطینی پرچم اور رنگوں کے بیج پہننے والے ۴؍ مسلمان بچوں کے اہلِ خانہ کو انسدادِ دہشت گردی پروگرام ’پریونٹ‘ کے تحت ریفرل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ نومبر ۲۰۲۳ء میں پیش آنے والے واقعے پر تقریباً ۳؍ سالہ قانونی جدوجہد کے بعد اسکول چلانے والے ادارے نے تحریری معافی مانگ لی اور بچوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر دسیوں ہزار پاؤنڈ ہرجانہ ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ معاملہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو عدالت کی منظوری سے طے پایا۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے لیٹن میں واقع بارکلے پرائمری اسکول میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کرنے والے کم عمر بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اسکول چلانے والے ’لائن اکیڈمی ٹرسٹ‘ نے ۴؍ بچوں اور ان کے اہلِ خانہ سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔ ادارے نے قانونی کارروائی کے بعد مالی تصفیے پر بھی اتفاق کیا ہے، جس کے تحت بچوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر دسیوں ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جائے گا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب نومبر ۲۰۲۳ء میں اسکول کے ایک فنڈ ریزنگ پروگرام کے دوران بچوں نے فلسطینی پرچم یا اس کے رنگوں والے بیج اور اسٹیکر پہنے تھے۔ یہ پروگرام برطانیہ میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چندہ جمع کرنے والی مہم ’چلڈرن اِن نیڈ‘ کے تحت منعقد کیا گیا تھا، جس میں طلبہ کو عام یونیفارم کے بجائے اپنی پسند کے کپڑے پہننے کی اجازت تھی۔ اس موقع پر ۴؍ بچے فلسطینی رنگوں اور پرچم کی علامتیں لگا کر اسکول پہنچے۔ ان کی عمریں اس وقت ۶؍ سے ۱۰؍ سال کے درمیان تھیں اور وہ تمام برطانوی مسلمان بچے تھے۔ خاندانوں کے مطابق بچوں نے یہ علامتیں غزہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی یاد اور وہاں جاری انسانی تکلیف سے اظہارِ یکجہتی کے لیے استعمال کی تھیں۔ ایک بچے نے ’چلڈرن اِن نیڈ‘ کے معروف کردار پڈسی کے اسٹیکر پر فلسطینی رنگوں والی بو ٹائی لگائی تھی، جبکہ ایک دوسرے بچے نے فلسطینی پرچم اور اس کے رنگوں پر مشتمل ہاتھ سے بنایا ہوا بیج پہنا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی وزیر دفاع کا ایران پر کیمیائی ہتھیار بنانے کا الزام
واقعے کے بعد اسکول کی جانب سے بچوں کے والدین کو خطوط بھیجے گئے، جن میں خبردار کیا گیا کہ فلسطینی رنگوں اور پرچم کی علامتیں پہننے پر بچوں کو حکومت کے انسدادِ انتہا پسندی پروگرام ’پریونٹ‘ یا پولیس کے مقامی نفرت انگیز جرائم کے شعبے کو ریفر کیا جاسکتا ہے۔ اس کارروائی کے خلاف بچوں کے والدین نے اعتراض کیا اور اسکول سے معافی کا مطالبہ کیا، لیکن ان کے مطابق بار بار درخواست کے باوجود معاملہ حل نہ ہونے پر انہیں قانونی راستہ اختیار کرنا پڑا۔ ان ۴؍ بچوں میں سے ایک کے ساتھ مبینہ سلوک نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا۔ اس بچے کی والدہ فلسطینی ہیں اور اس کے خاندان کے ۱۴؍ افراد غزہ میں جاں بحق ہوچکے تھے۔ قانونی دعوے کے مطابق، بچے نے فلسطینی پرچم والا کوٹ پہنا تو اسکول میں اسے دوسرے بچوں کے ساتھ باہر کھیلنے سے روک دیا گیا، ساتھی طلبہ سے الگ بٹھا کر کھانا کھلایا گیا، کلاس کے دیگر بچوں سے دور انتظار کرنے پر مجبور کیا گیا اور اس کا کوٹ بھی ضبط کرلیا گیا۔ یہ تفصیلات بچے کے خاندان کی جانب سے دائر قانونی دعوے میں پیش کی گئیں۔
خاندانوں نے عدالت میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ اسکول نے فلسطین اور غزہ سے متعلق گفتگو کی حوصلہ شکنی کی اور فلسطینی شناخت کے اظہار کے ساتھ یوکرین کی حمایت کے اظہار جیسا برتاؤ نہیں کیا۔ ان کے مطابق اسکول نے ماضی میں یوکرین کی حمایت میں خطوط جاری کیے، قومی علامتیں آویزاں کیں، کلاس روم میں گفتگو کی اجازت دی اور چندہ جمع کرنے کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی تھی، لیکن فلسطین کے معاملے میں مختلف رویہ اختیار کیا گیا۔ والدین نے اسے بچوں کے ساتھ امتیازی سلوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کو اپنی شناخت اور انسانی ہمدردی کے اظہار پر نشانہ بنایا گیا۔ یہ تمام نکات خاندانوں کے قانونی الزامات کا حصہ تھے۔ بچوں کے اہلِ خانہ نے برطانیہ کے مساوات کے قانون ’ایکویلٹی ایکٹ ۲۰۱۰ء‘ اور انسانی حقوق کے قانون ’ہیومن رائٹس ایکٹ ۱۹۹۸ء‘ کے تحت قانونی دعوے دائر کیے تھے۔ ان میں نسل، نسلی شناخت، مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر براہِ راست اور بالواسطہ امتیاز، ہراسانی اور اظہارِ رائے، ضمیر اور عقیدے کی آزادی کے حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات شامل تھے۔ بچوں کی نمائندگی قانونی ادارے ’لی ڈے‘ کے وکلا نے کی، جبکہ ’پریونٹ واچ‘ نامی تنظیم نے خاندانوں کی معاونت کی۔ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو سینٹرل لندن کاؤنٹی کورٹ میں بچوں سے متعلق تصفیے کی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کے بعد معاملہ طے پاگیا ہے اور عدالت نے اس کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یمن: کشیدگی سے لاکھوں افراد بے گھر جبکہ بچے ضروری ویکسین سے محروم
ایک بچے کے والد شاہد اچالا نے کہا، ’’ہمارے بیٹے کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ انتہائی پریشان کن تھا اور کسی بچے کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ وہ صرف ۸؍ سال کا تھا اور غزہ میں مصیبت جھیلنے والے بچوں، جن میں اس کے اپنے خاندان کے افراد بھی شامل تھے، کے لیے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کررہا تھا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جس اسکول کی ذمہ داری بچوں کی حفاظت اور معاونت کرنا تھی، اسی کے رویے سے ان کے بیٹے کو شدید ذہنی اذیت پہنچی۔ ان کے مطابق خاندان کو جواب دہی اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کے اعتراف کے لیے تقریباً 3 سال قانونی جدوجہد کرنا پڑی۔ انہوں نے ادارے کی معافی کا خیرمقدم کیا، تاہم کہا کہ اس طویل تنازع نے ان کے بیٹے اور پورے خاندان کو جو تکلیف پہنچائی، اسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ شاہد اچالا نے مزید کہا کہ یہ مقدمہ صرف ان کے خاندان کے لیے انصاف حاصل کرنے کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ تمام بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی کوشش بھی تھی۔ ان کے بقول، کسی بچے کو اس کی شناخت، ورثے یا دوسروں کے دکھ پر ہمدردی ظاہر کرنے پر شرمندہ محسوس نہیں کرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے سے برطانیہ کے دیگر اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو بھی سبق ملے گا اور وہ بچوں کو خوف زدہ کرنے کے بجائے ان کی شناخت اور انسانی ہمدردی کے اظہار کا احترام کریں گے۔
پریونٹ واچ کی ڈائریکٹر لیلیٰ ایٹلہج نے کہا کہ اس معاملے میں بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والے والدین کو ہی ’’جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی‘‘ خدشات ظاہر کرنے کا الزام دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق خاندانوں نے ۳؍ سال تک دباؤ کا سامنا کیا، لیکن اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے ادارے کی معافی اور مالی تصفیے کو خاندانوں اور ان کے ساتھ کھڑی وسیع تر برادری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ تاہم یہ تنظیم اس معاملے کو برطانیہ کے اسکولوں میں فلسطین سے متعلق اظہارِ یکجہتی اور گفتگو پر پابندیوں کے وسیع تر رجحان سے بھی جوڑتی ہے۔ برطانیہ کا ’پریونٹ‘ پروگرام حکومت کی انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا اعلان ایسے افراد کی شناخت اور مدد کے لیے کیا گیا تھا جنہیں انتہا پسندی کی طرف راغب کیے جانے کا خطرہ ہو۔ اس کے تحت اسکولوں سمیت بعض سرکاری اداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسے خدشات کی نشان دہی کریں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔ تاہم اس واقعے میں بچوں کے والدین کا اعتراض یہ تھا کہ فلسطینی پرچم یا اس کے رنگوں کو پہننے اور غزہ کے بچوں سے ہمدردی ظاہر کرنے کو انتہا پسندی سے جوڑنے کی دھمکی دی گئی۔ اس لیے یہ معاملہ صرف اسکول کے ضابطۂ لباس کا نہیں رہا بلکہ بچوں کی آزادیٔ اظہار، مذہبی و نسلی شناخت اور انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کے استعمال سے متعلق سوالات بھی اٹھاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج کے نئے آہنی گیٹ، جنوبی مغربی کنارے میں۷۰؍ ہزار فلسطینی الگ تھلگ
رپورٹ کے مطابق، واقعے کے بعد ۱۷۰؍ سے زیادہ والدین نے اسکول کو خط لکھ کر بچوں کے ساتھ پیش آنے والے معاملے پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ جب انہیں اپنے خدشات کا تسلی بخش جواب نہیں ملا تو ۲۱؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو والدین اسکول کے دروازے پر جمع ہوئے اور احتجاج میں تقریباً ۲۰۰؍ افراد شریک ہوئے۔ پریونٹ واچ کے مطابق، اس وقت اسکول نے والدین کے خدشات کو ’’جھوٹا‘‘ اور ’’بدنیتی پر مبنی‘‘ قرار دیا تھا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو حل ہونے میں تقریباً ۳؍ سال لگ گئے۔ یہ تصفیہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں جنگ کے بعد برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، تعلیمی اداروں میں سیاسی گفتگو اور احتجاج کے حق پر بحث جاری ہے۔ اس معاملے میں ایک طرف اسکولوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انتہا پسندی کے حقیقی خدشات کا جائزہ لیں، جبکہ دوسری جانب بچوں کے بنیادی حقوق، مذہبی و نسلی شناخت اور انسانی ہمدردی کے اظہار کی آزادی بھی اہم قانونی تحفظات ہیں۔ لائن اکیڈمی ٹرسٹ کی معافی اور مالی تصفیہ اس طویل تنازع کا اختتام ہے، تاہم یہ واقعہ برطانوی تعلیمی اداروں میں فلسطین سے متعلق اظہارِ رائے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ پر ایک اہم سوال چھوڑ گیا ہے۔