ایڈ شیرن کے لوپ ٹور سے علیحدگی کے بعد میکلمور کے پورے میوزک کیٹلاگ کی امریکی اسٹریمنگ تقریباً دوگنی؛ ’ہندز ہال‘ کی روزانہ اسٹریمنگ ۵؍ ہزار سے بڑھ کر ۸۷؍ ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 10:08 PM IST | New York
ایڈ شیرن کے لوپ ٹور سے علیحدگی کے بعد میکلمور کے پورے میوزک کیٹلاگ کی امریکی اسٹریمنگ تقریباً دوگنی؛ ’ہندز ہال‘ کی روزانہ اسٹریمنگ ۵؍ ہزار سے بڑھ کر ۸۷؍ ہزار کے قریب پہنچ گئی۔
ایڈ شیرن کے لوپ ٹور سے میکلمور کو ہٹائے جانے کے بعد پیدا ہونے والے تنازع کا اثر امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بھی نمایاں ہوگیا ہے۔ ابتدائی Luminate اعداد و شمار کے مطابق میکلمور کے سولو کام اور ریان لیوس کے ساتھ کیے گئے گانوں پر مشتمل پورے کیٹلاگ کی امریکی اسٹریمنگ اتوار کے تقریباً ایک ملین سے بڑھ کر منگل کو تقریباً ۲؍ ملین ہوگئی، یعنی ۹۷؍ فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اعداد و شمار میوزک چارٹس کے لیے استعمال ہونے والی اسٹریمنگ کی ابتدائی پیمائش پر مبنی ہیں۔ اس اضافے میں میکلمور کا فلسطین کے حق میں جاری کیا گیا گانا ’ہندز ہال‘ سب سے نمایاں رہا۔ اس گانے کو اتوار کو امریکہ میں ۵؍ ہزار سے کچھ زیادہ مرتبہ سنا گیا تھا، جو پیر کو بڑھ کر تقریباً ۴۳؍ ہزار ہوگیا، یعنی ایک ہی دن میں ۶۹۳؍ فیصد اضافہ۔ منگل کو اس کی اسٹریمنگ تقریباً ۸۷؍ ہزار تک پہنچ گئی۔ یہ گانے کی جون ۲۰۲۴ء کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ اسٹریمنگ تھی؛ اس کا پچھلا بلند ترین یومیہ ہندسہ تقریباً ۸۸؍ ہزار تھا۔
میکلمور کے گانے ’ہندز ہال ۲‘ کو بھی اس تنازع کے بعد بڑا فائدہ ہوا۔ اس گانے کی امریکی اسٹریمنگ اتوار کو ۲؍ ہزار سے کچھ کم تھی، جو منگل تک بڑھ کر ۲۲؍ ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ اس گانے میں فلسطینی نژاد امریکی گلوکار انیس، غزہ سے تعلق رکھنے والے ریپر ایم سی عبد اور فلسطینی نژاد امریکی مصنف و کامیڈین عامر زہر شامل ہیں۔ یہ اضافہ اس وقت سامنے آیا جب میکلمور کو ستمبر کے اوائل میں نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فلسطین کے حق میں اظہارِ خیال اور ’ہندز ہال‘ پیش کرنے کے بعد ایڈ شیرن کے امریکی دورے کی باقی تاریخوں سے الگ کردیا گیا۔ ٹور کے منتظم میسینا ٹورنگ گروپ نے کہا تھا کہ آئندہ مقامات کے منتظمین نے میکلمور کی موجودگی میں پروگرام منعقد نہ کرنے کی اطلاع دی تھی، جس کے نتیجے میں انہیں باقی دورے سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایڈ شیرن نے بھی کہا کہ یہ فیصلہ ان کا نہیں بلکہ ٹور کے منتظم کا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: برطانوی گلوکارہ پالوما فیتھ نے ایڈ شیران کی ’سیاسی غیر جانبداری‘ پر سوال اٹھایا
میکلمور کی حمایت میں ٹور کے دیگر معاون فنکار بھی الگ ہوگئے۔ آئرش گلوکار آرون رو، آئرش بینڈ بیوگا، ڈینش بینڈ لوکاس گراہم اور امریکی موسیقار فنّیاس نے ٹور چھوڑنے کا اعلان کیا۔ ان میں سے بعض فنکاروں کے اپنے گانوں کی اسٹریمنگ میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آرون رو کے کیٹلاگ کی امریکی اسٹریمنگ منگل کو تقریباً ۸۰؍ ہزار تک پہنچی، جو ایک روز پہلے کے مقابلے میں ۲۶۶۵؍ فیصد زیادہ تھی، جبکہ بیوگا کی اسٹریمنگ میں ۱۰۹۲؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس ایڈ شیرن کی امریکی اسٹریمنگ میں فوری طور پر کوئی نمایاں تبدیلی نظر نہیں آئی۔ Luminate کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق منگل کو ان کے گانوں کی امریکی اسٹریمنگ ۷ء۳؍ ملین سے کچھ زیادہ رہی، جو پیر کے تقریباً ۷ء۳؍ ملین کے برابر تھی۔ یعنی میکلمور اور بعض دیگر فنکاروں کے اعداد و شمار میں اچانک اضافے کے مقابلے میں شیرن کی اسٹریمنگ تقریباً مستحکم رہی۔
ادھر تنازع اسٹریمنگ تک محدود نہیں رہا۔ آئرلینڈ کے کلاسک ہٹس ریڈیو نے ایڈ شیرن کے گانے اپنے پروگراموں سے ’’تاحکمِ ثانی‘‘ ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ سوشل میڈیا پر بھی میکلمور کو حمایت ملتی دکھائی دی۔ سوشل بلیڈ کے مطابق میکلمور کو ٹور سے ہٹائے جانے کے بعد ۲۴؍ گھنٹوں میں ایڈ شیرن نے انسٹاگرام پر ۱۴۹۶۳۶؍ فالوورز کھوئے، جبکہ میکلمور کے فالوورز میں ۷۵۰۰۹۸؍ کا اضافہ ہوا۔ تین دن میں شیرن کے فالوورز کی مجموعی کمی ۲۶۰۰۰۰؍ سے تجاوز کرگئی۔ اسی دوران میکلمور نے اعلان کیا ہے کہ لوپ ٹور سے حاصل ہونے والی اپنی تقریباً ایک ملین ڈالر خالص آمدنی فلسطینیوں کی امداد کرنے والی ۶؍ تنظیموں کو عطیہ کریں گے۔ دوسری جانب رابرٹ کرافٹ نے کہا کہ ایڈ شیرن نے خطے میں انسانی امداد کے لیے ۲؍ ملین ڈالر ملین دینے کا وعدہ کیا ہے اور ان سے بھی اتنی ہی رقم دینے کی درخواست کی ہے۔ شیرن کی جانب سے اس عطیے کی آزادانہ تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی۔