بدلورنگاری اسٹریٹ میں حادثہ۔ خواتین پانچویں منزلے سے گراؤنڈ فلور پر گریں۔ ایک زخمی کی حالت نازک۔
EPAPER
Updated: May 30, 2025, 11:48 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
بدلورنگاری اسٹریٹ میں حادثہ۔ خواتین پانچویں منزلے سے گراؤنڈ فلور پر گریں۔ ایک زخمی کی حالت نازک۔
یہاں کے سانکلی اسٹریٹ، بدلورنگاری اسٹریٹ میں واقع ۵؍منزلہ اشرفی منزل کے ایک گھر کاگیلری نماحصہ گرنے سے ۲؍ خواتین شدیدطورپر زخمی ہوئی ہیں۔ دونو ں خواتین گیلری کے ساتھ ۵؍ویں منزل سے گری تھیں۔ انہیں علاج کیلئے نائر اسپتال میں داخل کیاگیا ہے جہاں ایک خاتون کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ملبہ میں دبنے سے یہ خاتون شدید طورپر زخمی ہوئی ہے۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل مقامی نوجوانوں نےاپنی جان پر کھیل کر ایک خاتون کو ملبہ سےباہر نکال کر نائر اسپتال پہنچایا، دوسری خاتون ملبہ میں بری طرح پھنسی ہوئی تھی، فائر بریگیڈ عملے نے بڑی جدوجہد کے بعد اسے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ حادثہ کی اطلاع پر، فائر بریگیڈ، پولیس، بی ایم سی اور ایمبولینس عملے نے متاثرہ خواتین کو ملبہ سے نکالنے اور اسپتال پہنچانےمیں مددکی۔
مقامی سماجی کارکن اور اشرفی منزل کے مکین ریحان خان نے انقلاب کو بتایا کہ ’’منگل کی شام تقریباً پونے ۵؍بجے اچانک آنےوالی زوردار آواز کے ساتھ محلے کے لوگ بلڈنگ کے عقبی حصہ کی جانب اکٹھا ہوئے۔ پتہ چلاکہ پانچویں منزل کے ایک گھر کی گیلری گرگئی ہے۔ اسی دوران گیلری کے ملبہ سے بچائو بچائو کی آواز آئی۔‘‘ان کا مزید کہناتھا کہ ’’میں نے فائر بریگیڈ اور پولیس کو حادثہ کی اطلاع دی۔ چونکہ جس جگہ گیلری گری تھی وہاں پہنچنے کیلئے ہماری بلڈنگ سے راستہ نہیں تھا ،اس لئے بلڈنگ کے نوجوانوں نے دوسرے راستہ سے جاکر راحت رسانی کاکام کیا۔ فائر بریگیڈ کے آنے سے قبل ان نوجوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر ایک خاتون کو ملبہ سے نکال کر نائر اسپتال علاج کیلئے روانہ کیا۔ دوسری خاتون جو ملبہ میں بری طرح پھنسی ہوئی تھی، اسے فائربریگیڈ عملے نے ملبہ کے چھپرے اور اینگل وغیرہ کو کاٹ کر نکالا۔ اسے زیادہ چوٹ آئی ہے۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’حادثہ کے وقت مذکورہ گیلری میں گھر کا کام کرنےوالی خوشنما بانو ( ۴۰) کچھ کام کررہی تھی، جبکہ گیلری سے متصل کمرہ میں بیٹھی گھر کی عمررسیدہ خاتون کو گیلری میں کسی چیز کے ہلنے کا احساس ہوا، انہوںنے فوراً اپنی بیٹی نازیہ عبدالقدوس خان (۳۵) کو آواز دے کر گیلری میں جاکر دیکھنے کیلئے کہا، نازیہ جیسے ہی گیلری میں پہنچی، پوری گیلری کے ساتھ خوشنما اور نازیہ پانچویں منزل سے گر گئیں۔ گیلری کا ملبہ پہلے دوسری منزل کی ایک گیلری سے ٹکرایا، بعدازیں فرش پرآکرگرا۔ ‘‘نازیہ وینٹی لیٹر پر ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت نازک ہے۔