ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سینٹرل بینک کی جانب سے تقریباً ایک لاکھ۳۳؍ہزار کسانوں کو صفر فیصد سود کی اسکیم کے تحت تقریباً۷۰۳؍ کروڑ روپے کے قرض تقسیم کئے گئے تھے۔
EPAPER
Updated: April 24, 2026, 3:01 PM IST | Mumbai
ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سینٹرل بینک کی جانب سے تقریباً ایک لاکھ۳۳؍ہزار کسانوں کو صفر فیصد سود کی اسکیم کے تحت تقریباً۷۰۳؍ کروڑ روپے کے قرض تقسیم کئے گئے تھے۔
مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں کوآپریٹو بینکوں سے لیا گیا قرض وقت پر ادا نہ کرنے پانے کی وجہ سے۵۵؍ ہزار سے زیادہ کسان دیوالیہ ہوگئے ہیں۔ اس سے آئندہ خریف سیزن میں ان کسانوں کو کھاد بیج اور نئے قرض کی سہولت ملنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ سود کا اضافی بوجھ بھی بڑھے گا۔
ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سینٹرل بینک کی جانب سے تقریباً ایک لاکھ۳۳؍ہزار کسانوں کو صفر فیصد سود کی اسکیم کے تحت تقریباً۷۰۳؍ کروڑ روپے کے قرض تقسیم کئے گئے تھے۔ اس قرض کی ادائیگی کی آخری تاریخ۲۸؍مارچ۲۰۲۶ءتھی جس کے اندر ادائیگی کے نتیجے میں سود کی مکمل معافی ہو جاتی۔ ریکوری کے لئے بینک انتظامیہ نے خصوصی مہم چلائی اور گاؤں گاؤں رابطہ بھی کیا۔ اس کے باوجود طے شدہ وقت تک صرف۳۵۸؍ کروڑ روپے ہی وصول کئے جاسکے، جو تقریباً۷۷؍ ہزار۵۰۰؍ کسانوں نے جمع کرائے۔ بقیہ ۵۵؍ ہزار سے زیادہ کسان ادائیگی نہیں کرسکے اور دیوالیہ قرار دیئے گئے جس سے وہ صفر فیصد سود اسکیم کے فوائد سے محروم ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے: یورپی یونین نے مغربی ایشیا میں استحکام کی بحالی کے عزم کا اعادہ کیا
ضوابط کے مطابق اب ان کسانوں کو قرض کے حصول کی تاریخ سے۲۸؍ مارچ تک۷؍فیصد اور اس کے بعد۱۲؍ فیصد کی شرح سے سود ادا کرنا ہو گا جس سے ان پر مالی دباؤ بڑھے گا۔
دیوالیہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کو کوآپریٹیو سوسائٹیز سے نئے قرض نہیں ملیں گے جس سے کھاد، بیج اور کیڑے مار ادویات جیسی خدمات متاثر ہوں گی،اس طرح کسان بازار میں نقد ادائیگی کرکے زیادہ قیمتوں پر زرعی سامان خریدنا ہوگا۔ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے فصلوں کی فروخت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ کسان امدادی قیمت پر اپنی پیداوار فروخت کرنے سے گریز کر سکتے ہیں، کیونکہ ادائیگی کی رقم کو بینک قرض کی وصولی کے لئے ایڈجسٹ کر سکتا ہے۔یادر ہے کہ ضلع میں پہلے سے ہی گندم کی خریداری میں تاخیر اور ای ٹوکن سسٹم کے ذریعے کھاد کی تقسیم میں مسائل کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر خریداری وقت پر ہو جاتی تو وہ اپنے قرض واپس کر سکتے تھے۔