Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدھیہ پردیش حکومت نے۹۰؍ درجہ موڑ والے پل معاملے میں ۸؍ انجینئروں پرکارروائی کی

Updated: June 29, 2025, 6:02 PM IST | Bhopal

مدھیہ پردیش حکومت نے۹۰؍ درجہ موڑ والے پل معاملے میں ۸؍ انجینئروں کے خلاف کا رروائی کی، وزیر اعلی موہن یادو نے سنیچر کی شام ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ تعمیراتی ایجنسی اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور ریل اوور پل میں ضروری بہتری کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

مدھیہ پردیش حکومت نے بھوپال میں تعمیر ہونے والے ایک نئے ریل اوور برج کی `ناقص ڈیزائن پر سات پی ڈبلیو ڈی انجینئروں کو معطل کر دیا ہے جبکہ ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس پل میں غیر معمولی۹۰؍ درجہ کا موڑ ہے۔وزیر اعلی موہن یادو نے سنیچر کی شام ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ میں بتایا کہ تعمیراتی ایجنسی اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور ریل اوور برج میں ضروری بہتری کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
شہر کے عیش باغ علاقے میں نیا تعمیر شدہ یہ ریل اوور برج ، تنقید اور مذاق کا نشانہ بن گیا ہے۔ مقامی رہائشیوں اور صارفین نے اس کے ڈیزائن پر سوال اٹھاتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ گاڑیاں اس تیز۹۰؍ درجہ موڑ کو کیسے پاریں گی۔وزیر اعلی یادو نے کہاکہ ’’میں نے عیش باغ ریل اوور برج کی تعمیر میں غفلت پر سنجیدہ  نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر آٹھ پی ڈبلیو ڈی انجینئروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ دو چیف انجینئر سمیت سات انجینئرز کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے خلاف محکمہ جاتی تحقیق کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے مزید کہاکہ ’’بہتری کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی ریل اوور برج کا افتتاح کیا جائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گلوبل ٹارچر انڈیکس میں ہندوستان کو "سنگین خطرہ" والے ممالک کی فہرست میں رکھا گیا

پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نیرج منڈلوی نے بتایا کہ مبینہ ناقص ڈیزائن کے باعث جن افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان میں چیف انجینئر سنجے کھنڈے اور جی پی ورما، نگران ایگزیکٹو انجینئر جاوید شکیل، نگران سب ڈویژنل آفیسر روی شکلا، سب انجینئر اومیشور مشرا، اسسٹنٹ انجینئر شانول سکسینا، نگران ایگزیکٹو انجینئر شبانہ راجک اور ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایم پی سنگھ شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آرکیٹیکٹ فرم ایم/ایس پُنیت چڈھا اور ڈیزائن کنسلٹنٹ ایم/ایس ڈائنامک کنسلٹنٹ کو بھی بلیک لسٹ کر دیا ہے۔واضح رہے کہ ۱۸؍کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ ریل اوور برج مہامائی کا باغ، پشپ نگر اور اسٹیشن ایریا کو نئے بھوپال سے جوڑنے کے لیے بنایا گیا تھا جس سے تقریباً تین لاکھ افراد کو فائدہ ہونا تھا۔گزشتہ ہفتے، محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے پل پر گاڑیوں کے محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے حل تلاش کرنے کو ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔تعمیر سے وابستہ اہلکاروں کا مؤقف تھا کہ زمین کی قلت اور قریب میٹرو اسٹیشن کی موجودگی کے باعث ان کے پاس پل کو اس طرح تعمیر کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ اہلکاروں نے کہا تھا کہ اگر تھوڑی سی اضافی زمین دستیاب کرائی جائے تو۹۰؍ درجہ کے تیز موڑ کوہلکے گھماؤ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK