اس فیصلے کے بعد دو سے زائد بچے ہونے کی بنیاد پر نہ تو کسی امیدوار کو نااہل قرار دیا جائے گا، نہ ہی پہلے سے ملازمت کرنے والے کسی اہلکار کیخلاف تیسرے بچے کی پیدائش پر تادیبی کارروائی ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 1:00 PM IST | Agency | Bhopal
اس فیصلے کے بعد دو سے زائد بچے ہونے کی بنیاد پر نہ تو کسی امیدوار کو نااہل قرار دیا جائے گا، نہ ہی پہلے سے ملازمت کرنے والے کسی اہلکار کیخلاف تیسرے بچے کی پیدائش پر تادیبی کارروائی ہوگی۔
مدھیہ پردیش کی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت سرکاری ملازمت حاصل کرنے والوں پر عائد دو سےزائد بچوں کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ ریاستی کابینہ نے اس سلسلے میں سول سروس قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد دو سے زیادہ بچے ہونے کی بنیاد پر نہ تو کسی امیدوار کو سرکاری ملازمت کیلئے نااہل قرار دیا جائے گا، نہ ہی پہلے سے ملازمت کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف تیسرے بچے کی پیدائش پر کوئی تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس فیصلے سے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے راحت محسوس کی ہے۔
یہ فیصلہ بدھ کو مندسور ضلع کے گاندھی ساگر ڈیم احاطے میں وزیر اعلیٰ موہن یادو کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جب معاشرے کے دیگر افراد کے لیے دو سے زیادہ بچے ہونے پر کوئی پابندی نہیں ہے تو صرف سرکاری ملازمین پر یہ شرط کیوں عائد کی جائے۔ خیال رہے کہ ایک طویل عرصے سے اس فیصلے کو تبدیل کرنے کی مانگ کی جارہی تھی لیکن حکومتوں کی جانب سے مسلسل ٹال مٹول کا رویہ اختیار کیا جارہا تھا۔ لیکن اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکومت اب اس مطالبے کو ٹال نہیں سکی۔
کابینہ نے محکمہ عمومی انتظامیہ کے سول سروس رولز۱۹۶۱ء میں ترمیم کی تجویز منظور کی ہے۔ اس کے تحت براہ راست بھرتی اور محکمہ جاتی تقرریوں میں دو سے زیادہ بچوں کی شرط کو نااہلی کی بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پہلے سے ملازمت کرنے والے ملازمین کو بھی تیسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے ملازمت سے برطرف نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے خلاف مدھیہ پردیش سول سروس (کنڈکٹ) رولز۱۹۶۵ءکے تحت کوئی تادیبی کارروائی ہوگی۔
مدھیہ پردیش میں یہ پابندی۲۶؍ جنوری۲۰۰۱ء کو اُس وقت کی دگ وجے سنگھ حکومت نے آبادی پر قابو پانے کی پالیسی کے تحت نافذ کی تھی۔ اس قانون کے مطابق دو سے زیادہ زندہ بچوں والے افراد سرکاری ملازمت کے اہل نہیں تھے، جبکہ ملازمت کے دوران تیسرے بچے کی پیدائش کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا تھا۔
نئے فیصلے سے ریاست کے مختلف سرکاری محکموں میں زیر التوا تقریباً۸؍ ہزار سے۱۰؍ ہزار معاملات متاثر ہوں گے۔ ان میں سب سے زیادہ معاملات اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، صحت اور طبی تعلیم کے محکموں سے متعلق ہیں۔ صرف اسکولی تعلیم کے شعبے میں۳۰؍ ہزار سے زیادہ اساتذہ کو اس فیصلے سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
حکومت کے مطابق تیسرے بچے کی بنیاد پر ملازمین کے خلاف جاری تمام زیر التوا محکمہ جاتی تحقیقات اور تادیبی کارروائیاں ختم کر دی جائیں گی۔ تاہم، ایسے معاملات جن میں۲۰۰۱ء کے بعد حتمی احکامات جاری ہو چکے ہیں یا ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا جا چکا ہے، دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔
اس پالیسی میں تبدیلی کے پس منظر میں آبادی اور شرح پیدائش سے متعلق بحث کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ رواں سال فروری میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے گرتی ہوئی شرح پیدائش پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماج کے تسلسل کیلئے فی خاندان اوسطاً تین بچوں کا ہونا ضروری ہے۔فیصلے بھلے ہی سیاسی ہو، مگر اس کا فائدہ بڑے پیمانے پر اُن امیدواروں کا ہوگا جو دو سے زائد بچوں کی صورت میں سرکاری ملازمت کیلئے نااہل قرار دیئے جارہے تھے۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش سے پہلے راجستھان نے مئی۲۰۱۶ء اور چھتیس گڑھ نے جولائی۲۰۱۷ء میں سرکاری ملازمتوں کیلئے دو بچوں کی پابندی ختم کر دی تھی۔ آندھرا پردیش نے اس کے برعکس تیسرے بچے کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کی ہے اور اس کیلئے مالی ترغیبات دینے کا اعلان کیا ہے۔