میٹنگ میں ۲۷؍ اہم فیصلوں پر مہر، عوامی فلاح، خواتین کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویزبھی منظور، آگرہ میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویز کو بھی منظوری۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 12:56 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow
میٹنگ میں ۲۷؍ اہم فیصلوں پر مہر، عوامی فلاح، خواتین کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویزبھی منظور، آگرہ میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویز کو بھی منظوری۔
اتر پردیش کابینہ نے پنچایتی راج ایکٹ میں ترمیم سے متعلق آرڈیننس کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت سابق گرام پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر مزید ۶؍ ماہ کی توسیع دی جا سکے گی۔حکومت کے مطابق ۲۰۲۱ءمیں تشکیل دی گئی گرام پنچایتوں کی مدت ۲۶؍ مئی ۲۰۲۶ء کو ختم ہونے کے بعد سابق پردھانوں کو بطور ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا تھا۔ پسماندہ طبقات کمیشن کی رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔ پنچایتوں میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنے کیلئےایڈمنسٹریٹروں کی مدت میں ایک مرتبہ پھرمزید ۶؍ ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ یوگی کی صدارت میں بدھ کو لکھنؤ میں ریاستی کابینہ کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں ریاست کے ترقیاتی منصوبوں، پنچایتی راج، بنیادی سہولیات، خواتین کے تحفظ، صنعتی سرمایہ کاری اور عوامی فلاح سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے جن میں ۲۷؍ کو منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سینئر نائب الیکشن کمشنر منیش گرگ یوپی میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے
میٹنگ کے بعد ریاستی وزیر خزانہ سریش کھنہ نے کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات پیش کیں۔ ان فیصلوں میں ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپ، روزگار، کھیلوں کے فروغ اور کوآپریٹو شعبے کو مضبوط بنانے سے متعلق اہم منصوبے شامل ہیں۔اتر پردیش حکومت نے ریاست میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور اسٹارٹ اپ کو فروغ دینے کیلئے آئی آئی ٹی کانپور کے نوئیڈا کیمپس میں ڈیپ ٹیکنالوجی یو-ہب کی عمارت تعمیر کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔اس منصوبے پر تقریباً ۲۸۱؍ کروڑ۳؍ لاکھ ۸۸؍ ہزار روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ عمارت کی تعمیر انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن (ای پی سی) موڈ پر کی جائے گی۔ منصوبے کو ۲۴؍ ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق اس یو-ہب کے قیام سے ریاست میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعات، نئے اسٹارٹ اپ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا۔ اس کے ذریعے ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے نوجوانوں، محققین اور کاروباری افراد کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کابینہ نے آگرہ ضلع کے باہ اسمبلی حلقے میں اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔اس منصوبے کیلئے ۲ء۴۷۶؍ ہیکٹر زمین کھیل محکمہ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔