Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدھیہ پردیش: دوست کا انوکھا جشنِ وداع، جنازے میں رقص کی ویڈیو وائرل

Updated: August 03, 2025, 2:05 PM IST | Bhopal

مدھیہ پردیش کے ضلع مندسور سے ایک دل کو چھو لینے والا منظر سامنے آیا، جہاں ایک شخص نے نمناک آنکھوں سے اپنے بہترین دوست سے کیا ہوا ایک وعدہ نبھانے کیلئے رقص کیا۔

Ambalal dancing at the funeral of his friend Sohanlal. Photo: X.
امبالال اپنے دوست سوہن لال کے جنازے میں رقص کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس۔

مدھیہ پردیش کے ضلع مندسور سے ایک دل کو چھو لینے والا منظر سامنے آیا، جہاں ایک شخص نے نمناک آنکھوں سے اپنے بہترین دوست سے کیا ہوا ایک وعدہ نبھانے کیلئے رقص کیا۔ ایسا وعدہ جس نے روایت توڑ دی اور پورے گاؤں کو جذباتی کر دیا۔ یہ جذباتی منظر جواسیا گاؤں میں دیکھا گیاجہاں امبالال پرا جاپت اپنے سب سے عزیز دوست، سوہن لال جین کے جنازے کے جلوس میں رقص کرتے نظر آئے۔ بظاہر یہ ایک عجیب منظر تھا۔ ایک شخص جنازے میں ڈھول کی تھاپ پر جھوم رہا تھا لیکن حقیقت میں یہ ایک وعدہ پورا ہونے کا لمحہ تھا۔ جنوری ۲۰۲۱ء میں جب سوہن لال کینسر سے لڑ رہے تھے، انہوں نے امبالال کو ایک خط لکھا۔ اس میں انہوں نے دل سے گزارش کی:’’نہ رونا، نہ خاموشی، صرف خوشی منانا۔ جب میں اس دنیا میں نہ رہوں۔ تمہیں میرے جنازے کے جلوس میں شامل ہو کر ڈھول کی تھاپ پر ناچتے اور گاتے ہوئے مجھے رخصت کرنا ہو گا۔ ‘‘یہ خط، جو سوہن لال کے دستخطوں کے ساتھ برسوں سنبھال کر رکھا گیا تھا ان کی وفات کے بعد منظر عام پر آیا۔ جب جلوس گاؤں سے گزرا، تو امبالال نے اپنا وعدہ نبھایا۔ آنکھوں سے آنسو بہتے ہوئے، وہ جنازے کے آگے ڈھول کی تھاپ پر ناچتے رہے، جیسا کہ سوہن لال چاہتے تھے۔ 

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by The Whatup (@thewhatup)

پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے امبالال نے کہا:’’میں نے اپنے دوست سے وعدہ کیا تھا کہ میں اس کی آخری رسومات میں ناچوں گااور میں نے کیا۔ وہ دوست سے بڑھ کر، میری پرچھائیں کی طرح تھے۔ ‘‘یہ جذباتی الوداع گاؤں والوں سے پوشیدہ نہ رہی۔ لوگ خاموشی سے جمع ہو گئے، کئی جذبات سے مغلوب تھے۔ کچھ نے آنسو بہائے، تو کچھ ایک ایسی پاکیزہ دوستی کو حیرت سے دیکھتے رہے۔ رسومات ادا کرنے والے پنڈت راکیش شرما نے کہا:’’ایسی دوستی کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ سوہن لال جی نے امبالال سے ناچنے کی خواہش کی تھی اور انہوں نے پوری عقیدت سے اسے پورا کیا۔ کاش ایسی دوستیاں قائم رہیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: بھگوا ملزمین کو کلین چٹ نہیں، شبہ کا فائدہ دیا گیا

خط میں ایک اور قریبی دوست شنکر لال کا بھی ذکر تھا اور ایک جملے پر ختم ہوا:’’اگر میں نے کبھی جان بوجھ کر یا انجانے میں کوئی غلطی کی ہو تو مجھے معاف کر دینا۔ ‘‘سوشل میڈیا پر امبالال کے ناچنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی، اور لوگ اس خراجِ عقیدت سے متاثر ہوئے۔ ایک صارف نے لکھا:’’میرے دوست کے دادا کے جنازے میں ڈھول بجائے، موسیقی کی، اور رنگوں سے کھیلا گیا، کیونکہ انہوں نے زندگی بھرپور انداز میں گزاری اور انہیں کوئی پچھتاوا نہ تھا۔ ‘‘ایک اور نے کہا:’’اگر میرا جنازہ ایسا نہ ہوا تو میری روح ہمیشہ بھٹکتی رہے گی۔ ‘‘اگرچہ جین کے گھر والے غم میں ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ یہ الوداع انہیں ایک عجیب سا سکون دے گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK