Updated: October 05, 2025, 7:04 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر میں دسہرا کے بعد دیوالی کی تیاریوں کے دوران عوام کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ ریاستی بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوترن نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہوئے اکتوبر کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ فیس (ایف اے ایف) کے نام پر۳۵؍ سے۹۵؍ پیسے فی یونٹ تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔
بجلی کی سپلائی۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر میں دسہرا کے بعد دیوالی کی تیاریوں کے دوران عوام کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ ریاستی بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوترن نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہوئے اکتوبر کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ فیس (ایف اے ایف) کے نام پر۳۵؍ سے۹۵؍ پیسے فی یونٹ تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے گھریلو، تجارتی اور صنعتی تمام صارفین متاثر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیئے:گلمرگ میں سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ
مہاوترن کے تازہ سرکلر کے مطابق یہ اضافہ ستمبر ماہ کی کھپت پر نافذ کیا جا رہا ہے اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اضافہ زیادہ تر تجارتی و صنعتی صارفین پر اثر انداز ہوگا تاہم گھریلو صارفین بھی اس سے محفوظ نہیں رہیں گے۔ اس سے قبل بھی ۹؍ پیسے فی یونٹ کا اضافہ نافذ تھا جو بدستور برقرار رہے گا۔
کمپنی کے عہدیداروں کے مطابق بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث مہاوترن کو اوپن مارکیٹ سے زیادہ نرخوں پر بجلی خریدنی پڑی، ساتھ ہی پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی۔ ان وجوہات کے نتیجے میں گھریلو صارفین کے لیے ایک تا۱۰۰؍ یونٹ کے استعمال پر۳۵؍ پیسے فی یونٹ،۱۰۱؍ تا۳۰۰؍ یونٹ کے لیے۶۵؍ پیسے،۳۰۱؍ تا۵۰۰؍ یونٹ کے لیے۸۵؍ پیسے اور۵۰۱؍ یونٹ سے زیادہ کے لیے ۹۵؍ پیسے اضافی لاگو ہوں گے۔
فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں پر بھی نافذ ہوں گے جہاں فی یونٹ ۴۵؍ پیسے اضافی ادا کرنے ہوں گے۔ اسی طرح میٹرو اور مونوریل خدمات پر بھی۴۵؍ پیسے فی یونٹ کا اضافہ عائد کیا گیا ہے جبکہ کسانوں کو نئے ٹیرف کے تحت ۴۰؍پیسے فی یونٹ زیادہ دینا ہوگا۔ مہاوترن نے اطمینان دلایا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں حالات مستحکم ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کا امکان ہے۔