محکمہ موسمیات نے کوکن اور اطراف کے اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے، ودربھ میں ۲۴؍جون سے بارش کے زور پکڑنے کا امکان۔
EPAPER
Updated: June 23, 2025, 1:05 PM IST | Inquilab News Network/Agency | Mumbai
محکمہ موسمیات نے کوکن اور اطراف کے اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے، ودربھ میں ۲۴؍جون سے بارش کے زور پکڑنے کا امکان۔
ریاست بھر میں مانسون کی قبل از وقت آمد سے جہاں مغربی حصے میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہیں مراٹھواڑا اور وردبھ کے کئی علاقے اب بھی ابر کرم کے منتظر ہیں۔ بالخصوص ودربھ میں اب بھی گرمی کا زور برقرارہے۔ رپورٹ کے مطابق سنیچراور اتوار کو ناگپور، بھنڈارا، گوندیا، گڈچرولی، اکولہ اور اطراف کے اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ناگپور میں زیادہ سے زیادہ حرارت۳۷ء۸؍ڈگری درج کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ ودربھ میں ۲۴؍جون سے بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
ٹی وی نائن مراٹھی کی رپورٹ کے مطابق ’’ریاست میں بارش نے زور دار دستک دی ہے، اور کوکن کے ساحلی علاقوں، مغربی گھاٹ کے علاقوں اور کچھ اضلاع میں بارش کی شدت میں خاصا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ایسی صورتحال میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ممبئی، تھانے، نوی ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا تجربہ ہو سکتا ہے، تاہم فی الحال روزمرہ کے معمولات پر اس کا زیادہ اثر پڑنے کا امکان نظر نہیں آ رہا۔
کوکن کے لئے اورینج الرٹ
دوسری جانب، محکمہ موسمیات اور سمندری معلوماتی خدمات مرکز نے چھوٹی کشتیوں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ، سیلابی صورتحال کے باعث ندیوں اوردریاؤں کے کنارے آبادگاؤں، دیہاتوں کو محتاط رہنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے گھاٹ کے علاقوں میں شدید سے نہایت شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ خاص طور پر رتناگیری، رائےگڑھ اور سندھدُرگ اضلاع میں آئندہ چار دنوں تک بارش کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، اور ان علاقوں میں `اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
آبی ذخائر کی کیا صورتحال ہے؟
لوک مت کی رپورٹ کے مطابق ماہ جون میں اب تک ریاست کے ۹۵؍فیصد حصے میں بارش ہوئی ہے۔اس باعث آبی ذخائر میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ تاہم ودربھ اب بھی اطمینان بخش بارش کے سلسلے کا منتظر ہے۔ مغربی مہاراشٹرمیں پونے ڈویژن کے آبی ذخائر ۳۷؍فیصد اور کوکن ڈویژن کے آبی ذخائر ۴۴؍فیصد بھرچکے ہیں۔ ناسک ڈویژن کے ڈیموں میں ۴۰؍فیصد کا ذخیرہ آب ہے جبکہ مراٹھواڑا اور امراوتی ڈویژن میں بالترتیب ۳۶؍ اور ۳۷؍ فیصد ذخیرہ آب ہے۔ سب سے کم ناگپور ڈویژن میں ہے اور یہاں کے ڈیموں میں صرف ۳۰؍فیصد پانی بچا ہے۔ جائیکواڑی ڈیم میں اس وقت ۳۱؍فیصد پانی کا ذخیرہ ہے۔
بھُوشی ڈیم چھلک گیا
پچھلے ۳؍ سے ۴؍دنوں میں ماول، لوناولہ اور اطراف میں زوردار بارش ہورہی ہے۔ یہاں واقع بھُوشی ڈیم بھی چھلک گیا ہے۔ اس باعث ڈیم پر سیاحوں کی آمد بڑھ گئی ہے۔ سام ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پچھلے چار پانچ دنوں سے ڈیم اور اطراف میں گھومنے پھرنے کیلئے آنے والوں کی تعداد بڑھ جانے سے پولیس نے بھی سیکوریٹی اور نگرانی بڑھادی ہے۔ ماضی میں یہاں کئی افراد کے غرقاب ہونے کے حادثات پیش آچکے ہیں، اس لئے پولیس لوگوں کو پرخطر جگہ پر بیٹھنے اور نہانے سے منع کرتی ہے۔