• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چندر پورمیں مہاوِترن، اڈانی پاور سے ۱۶۰۰ میگاواٹ بجلی خریدے گی

Updated: November 26, 2026, 4:29 PM IST | Ali Imran | Chandrapur

بجلی فراہم کرنیوالی سرکاری کمپنی کے اقدام سے کھاپرکھیڑا اور چندرپور پاور اسٹیشنوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان۔

File photo of the Chandrapur Thermal Power Station. Image: INN
چندر پور تھرمل پاور اسٹیشن کی فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر حکومت نے اڈانی پاور سے ۱۶۰۰؍ میگاواٹ بجلی خریدنے کے معاہدے کو منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں مہانرمتی کے چار پرانے تھرمل پاور اسٹیشنوں کے منتخب یونٹس سے بجلی خریدنے کے معاہدے ۲۰۳۰ ءسے مرحلہ وار ختم کیے جائیں گے۔ ان میں ودربھ کے کھاپرکھیڑا اور چندرپور تھرمل پاور اسٹیشنوں کے مجموعی ۷۶۰؍ میگاواٹ صلاحیت والے یونٹس بھی شامل ہیں۔ اس فیصلے سے نہ صرف ان پاور اسٹیشنوں کے مستقبل بلکہ مہانرمتی کی آمدنی اور ملازمین کے روزگار سے متعلق بھی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

اڈانی کی بجلی کا نرخ کتنا ہے؟

مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی (مہاوترن) نے ۱۶۰۰؍ میگاواٹ تھرمل بجلی کی خریداری کیلئے  ٹینڈر جاری کیا تھا۔ ۱۸؍دسمبر ۲۰۲۵ءکو منعقدہ ریورس نیلامی میں اڈانی پاور نے ۵؍روپے ۴۹؍پیسے فی یونٹ کی قیمت پیش کی۔ بعد ازاں کمپنی نے انرجی چارج پر ۱۳ء۷۵ فیصد رضاکارانہ رعایت دی، جس کے بعد بجلی کی بنیادی قیمت ۵؍روپے ۳۰؍پیسے فی یونٹ ہوگئی۔ مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن نے ۱۹؍جون ۲۰۲۶ءکو کیس نمبر ۸۱/۲۰۲۶ء کے تحت اس نرخ کو منظوری دی۔ اسکے بعد ۱۵؍جولائی کو مہاوترن اور اڈانی پاور کے درمیان ۲۵ سالہ بجلی فراہمی کا معاہدہ طے پایا۔ نئے منصوبے سے مالی سال۳۱۔۲۰۳۰ء سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’سپریا سُلے اگر بی جے پی سے اتحاد کرتی ہیں تو شرد پوار کی ساکھ ختم ہوجائیگی‘‘

کن پاور اسٹیشنوں سے کتنی بجلی کی خریداری ختم ہوگی؟

منظور شدہ منصوبے کے تحت مہانرمتی کے چار تھرمل پاور اسٹیشنوں کے منتخب یونٹس سے مجموعی طور پر ۱۶۰۰ میگاواٹ بجلی کی خریداری کے معاہدے مرحلہ وار ختم کیے جائیں گے۔ ان کی تفصیل درج ذیل ہے:

*  بھساول: یونٹ نمبر ۳ سے ۲۱۰ ؍میگاواٹ

*  کھاپرکھیڑا: یونٹ نمبر ۱ اور ۲ سے ۴۲۰ ؍میگاواٹ

*  ناسک: یونٹ نمبر ۳، ۴ اور ۵ سے ۶۳۰ ؍میگاواٹ

* چندرپور: یونٹ نمبر ۳ سے ۶ تک کے منتخب یونٹس سے ۳۴۰ میگاواٹ

اس طرح کھاپرکھیڑا اور چندرپور پاور اسٹیشنوں کے مجموعی ۷۶۰ ؍میگاواٹ بجلی کے معاہدے متاثر ہوں گے۔

مہاراشٹر الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بجلی کی خریداری کے معاہدے ختم ہونے کا مطلب متعلقہ پاور یونٹس کو بند کرنا نہیں ہے۔ مہانرمتی ان یونٹس کو چلاتے ہوئے وہاں پیدا ہونے والی بجلی دیگر خریداروں کو فروخت کرسکتی ہے۔ معاہدوں کی منسوخی کی تاریخ نئے ۱۶۰۰ میگاواٹ کے منصوبے سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کی پیش رفت سے منسلک ہوگی۔

ریگولیٹری کمیشن کے تخمینے کے مطابق، جن پرانے پاور یونٹس کے معاہدے ختم کیے جانے ہیں، ان سے حاصل ہونے والی بجلی کی وزنی اوسط قیمت مالی سال۲۶۔ ۲۰۲۵ءمیں ۶؍روپے ۱۴؍پیسے فی یونٹ ہے، جو۳۰۔ ۲۰۲۹ءتک بڑھ کر ۶؍روپے ۷۷؍پیسے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے مقابلے میں اڈانی پاور کی منظور شدہ بنیادی قیمت ۵؍روپے ۳۰؍پیسے فی یونٹ ہے۔ اسی قیمت کے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیشن نے نئے معاہدے کو منظوری دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK