• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سپریا سُلے اگر بی جے پی سے اتحاد کرتی ہیں تو شرد پوار کی ساکھ ختم ہوجائیگی‘‘

Updated: November 26, 2026, 3:58 PM IST | ZA Khan | Nanded

لکشمن ہاکےنے دعویٰ کیا کہ روہت پوار کے کسان مارچ اورسُلے کی وزارت اعلیٰ کی خبر کے پیچھے دہلی کی اسکرپٹ۔

Lakshman Hake (center) and his associates at a press conference. Photo: INN
لکشمن ہاکے(درمیان)میں اوران کے ساتھی پریس کانفرنس میں۔ تصویر: آئی این این

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار ) کے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد ’این ڈی اے‘ میں شامل ہونے اور رکن پارلیمنٹ سپریا سُلے کے مہاراشٹر کی وزیر اعلیٰ بننے سے متعلق سیاسی قیاس آرائیوں کے درمیان او بی سی تحریک کے لیڈر لکشمن ہاکے نے پوار خاندان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ناندیڑ میں بدھ کے روز  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لکشمن ہاکے نے کہا کہ روہت پوار کے کسان مارچ اور سپریا سُلے کے وزیر اعلیٰ بننے سے متعلق جاری مباحثوں کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ان تمام معاملات کی اسکرپٹ دہلی میں تیار کی گئی ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر سپریا سُلے بی جے پی کیساتھ جاکر ریاست کی وزیر اعلیٰ بنتی ہیں تو شرد پوار کی اب تک کی سیاست کی ساکھ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی اور پوار خاندان کا سیاسی وقار اور اثر و رسوخ بھی ختم ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: سانتاکروز: ۶؍رو زہ ممبئی بُک فیسٹیول ۲۹؍ نومبر تک جاری رہے گا

اس موقع پر انہوں نے رکن اسمبلی روہت پوار کے دوہرے سیاسی موقف اور وی ایس آرکمپنی کے طیاروں کے استعمال پر بھی کئی سنگین سوالات اٹھائے۔لکشمن ہاکے نے روہت پوار کے مجوزہ کسان مارچ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کے مقاصد پر ہی سوالیہ نشان لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف روہت پوار شوگر فیکٹریاں، وائنری اور ڈسٹلری چلاتے ہیں، جبکہ دوسری طرف کسانوں کے نام پر مارچ نکالتے ہیں۔ وہ بیک وقت کسان اور صنعت کار، دو ایک دوسرے سے متضاد کردار ادا کر رہے ہیں۔ہاکے نے سوال کیا کہ جن لوگوں کی اپنی کئی فیکٹریاں ہیں، انہیں کسانوں کے حق میں تحریک چلانے کا اخلاقی جواز اور حوصلہ کہاں سے ملتا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ روہت پوار فی الحال سیاست میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سنسنی پیدا کرنا اور یہ ظاہر کرنا کہ ریاست میں اپوزیشن کا کردار صرف وہی ادا کر رہے ہیں، ان کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کی یہ سرگرمیاں وزارت کیلئے ہیں یا واقعی کسانوں کے مسائل کیلئے، چند دنوں میں واضح ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK