Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہوا موئترا کو رات کے وقت سرکٹ ہائوس خالی کرنے کا حکم

Updated: August 16, 2026, 10:47 AM IST | Kolkata

ٹی ایم سی رُکن پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکرکو خط لکھا، خواتین اراکین کے تحفظ اور وقار کیلئے مداخلت کی اپیل کی۔

Mahua Moitra - Photo: INN
مہوا موئترا ۔ تصویر: آئی این این

ترنمول کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر خواتین اراکین پارلیمنٹ کے وقار اور سلامتی کے تحفظ کے لئے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ یہ مطالبہ اس واقعے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جب کرشنا نگر لوک سبھا حلقے میں واقع سرکٹ ہاؤس کے ایک کمرے کو خالی کرنے کیلئے انہیں رات گئے نوٹس جاری کیاگیا تھا ۔ مہواموئترا نے الزام عائد کیا کہ مغربی بنگال کے نادیہ ضلع انتظامیہ نے ابتدائی طور پر سرکاری سرکٹ ہاؤس میں ان کی رہائش مختص کرنے کے باوجود جمعہ کی رات انہیں وہاں سے نکل جانے کا حکم دے دیا۔ ان کے مطابق جب انہوں نے کمرہ خالی کرنے سے انکار کیا تو سرکٹ ہاؤس کے باہر ایک ہجوم ہوگیا اور ’’جے شری رام‘‘ سمیت دیگر اشتعال انگیز نعرے لگانے لگا۔ اس تعلق سے مہوا نے ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’دماغی نکسل‘‘ کی اصطلاح کو اپوزیشن نے وزیراعظم کی جھنجھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیا

مہوا موئترا کے مطابق وہ شام تقریباً ۶؍ بجے سرکٹ ہاؤس پہنچی تھیں جبکہ رات پونے ۱۰؍ بجے نادیہ ضلع کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے انہیں فون کرکے سرکٹ ہائوس خالی کرنے کو کہا۔ اس کے بعد رات ۱۱؍ بجے انہیں واٹس ایپ کے ذریعے ایک حکم نامہ موصول ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ ’’سالانہ صفائی‘‘ کی وجہ سے انہیں کمرہ خالی کرنا ہو گا۔ لوک سبھا اسپیکر کو بھیجے گئے خط میں موئترا نے کہا کہ ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کو جو تنہا قیام پذیر ہو، رات گئے اس کی مختص رہائش گاہ خالی کرنے کیلئے کہنا اس کے حقوق اور سلامتی سے متعلق سنگین سوالات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے اسپیکر سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کے دیگر اراکین نے مہوا کے مطالبہ کی حمایت کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK