Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کیلئے بڑے فیصلے

Updated: June 02, 2025, 4:07 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

غیرقانونی رکشا کیخلاف کارروائی، غلط سمت ڈرائیونگ پر جرمانہ عائد کیا جائےگا۔

Municipal Commissioner Anmol Sagar holding a meeting with senior officers of other government departments. Photo: INN
میونسپل کمشنر انمول ساگر دیگر سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شہر میں دن بہ دن سنگین ہوتے جا رہے ٹریفک مسائل سے مستقل نجات کیلئے قائم کی گئی `’ ایکشن کمیٹی‘  کی جائزہ میٹنگ میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شہر بھر کے کلیدی سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے کئی اہم اور سخت فیصلے کئے گئے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بغیر لائسنس کے چلنے والے  آٹورکشا مالکان کے خلاف جاری محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔ شہر کے مصروف علاقوں میں `’ نو پارکنگ زون‘ کی نشاندہی، مؤثر رہنمائی بورڈز کی تنصیب اور رکشا اسٹینڈ کی حد بندی جیسے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کئے جائیں گے۔
 ادھر پولیس محکمہ نے واضح کیا  ہےکہ شہر بھر میں نصب کئے جا رہے سی سی ٹی وی کیمرے آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے جس کے بعد قانون شکنی پر فوری کارروائی ممکن ہوگی۔ چھترپتی شیواجی مہاراج چوک میں واقع میونسپل پارکنگ لاٹ کو جلد از جلد فعال کرنے کیلئے ٹینڈر جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔میٹنگ میں راجیو گاندھی اور بالاصاحب ٹھاکرے فلائی اوور پر  غلط سمت سے آنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری جرمانے عائد کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ انجور پھاٹا جیسے دیہی علاقوں میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے محصول، پولیس اور میونسپل حکام کو مشترکہ کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ ہو۔اس کے علاوہ ایس ٹی مہامنڈل سے کہا گیا ہے کہ وہ بھیونڈی بس اسٹینڈ میں رکشا پارکنگ کیلئے باضابطہ جگہ مختص کرے تاکہ عوامی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔
 اس اہم اجلاس میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر وٹھل ڈاکے، ڈپٹی میونسپل کمشنر (پراپرٹی) بال کرشن شیر ساگر،سب ریجنل ٹرانسپورٹ افسر  روہت کاٹکر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اجے سابھلے، ایس ٹی کارپوریشن کے افسر شری جادھو ،شہر انجینئر  جمیل پٹیل، ٹریفک انسپکٹر، وارڈ افسران اور مختلف محکمہ جات کے سربراہ، انجینئر اور افسران نے شرکت کی۔کمیٹی کے مطابق آئندہ چند ماہ میں زمینی سطح پر ان فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان اقدامات اور محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے عوام کو جلد ہی ٹریفک جام جیسے سنگین مسئلے سے نجات ملنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK