میئر سرگئی سوبیانین نے اسے پارلیمانی انتخابات میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش بتایا۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 12:51 PM IST | Agency | Moscow
میئر سرگئی سوبیانین نے اسے پارلیمانی انتخابات میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش بتایا۔
یوکرین نے اتوار کو روسی دارالحکومت ماسکو پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق یہ حملہ پارلیمانی انتخابات کے آخری روز انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش تھی۔ صدر ولادیمیر پوتن نے ان انتخابات کو یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کیلئے عوامی حمایت کا امتحان قرار دیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق ماسکو کے اطراف کے علاقے میں ۲؍ افراد ہلاک ہوئے جبکہ دارا لحکومت کی آئل ریفائنری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ ریفائنری پر اس سے قبل بھی حملے کئے جاچکے ہیں۔عینی شاہدین نے ماسکو میں دھماکوں کی آوازیں سننے اور ریفائنری کے مقام سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے۔
یہ بھی پڑھئے:اسرائیل نے ناکہ بندی کرکے ۱۰۰؍ سے زائد فلسطینی اساتذہ کو اسکول جانے سے روکا
تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تنصیب کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ یوکرین کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام پر جاری بیا ن میں کہا کہ دشمن کے ڈرونز کا سب سے بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ کل سے اب تک تمام محاذوں پر۱۶۰۰؍ سے زیادہ ڈرون مار گرائے گئے ہیں جن میں ۴۵۰؍ ماسکو کی جانب بڑھ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈرون رہائشی عمارت سے ٹکرایا، تاہم عمارت میں رہنے والوں میں سے کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ سوبیانین نے کہا، یہ بڑا حملہ واضح طور پر انتخابات میں خلل ڈالنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ دشمن اس میں کامیاب نہیں ہوا ۔ روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں، اسٹیٹ ڈوما کے انتخابات روس کی جانب سے فروری۲۰۲۲ء میں یوکرین کے خلاف مکمل جنگ شروع کیے جانے کے بعد پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں۔ توقع ہے کہ حکمراں یونائیٹڈ رشیا پارٹی اپنی سیاسی بالادستی برقرار رکھے گی۔